جڑانوالہ ازیادتی کے بعد 8سالہ بچہ قتل نعش نہر میں بہادی
جڑانوالہ/ ٹوبہ ٹیک سنگھ (نمائندہ نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) جڑانوالہ میں 8 سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کر کے نعش نہر میں بہا دی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 7 سالہ بچے کو نشانہ بنانیوالا اوباش پکڑا گیا۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق آٹھ سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کر کے نعش نہر میں بہا دی۔ پولیس آٹھ دن تک بچے کی بازیابی میں ناکام رہی۔ رات گئے ملزم کی گرفتاری پر بچے کی نعش برآمد کرلی گئی۔ بتایا گیا ہے تھانہ روڈالہ روڈ کے نواحی گائوں چک نمبر 374گ ب کے ندیم الٰہی کا آٹھ سالہ بچہ شعیب میلے میں کہیں گم ہوگیا۔ پولیس والے غفلت اور بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورثاء کو 8روز تک ٹرخاتے رہے۔ رات گئے مشکوک شخص یٰسین کو پکڑ کر تفتیش کی تو اس نے بچے کے اغوا اور قتل کا انکشاف کرتے ہوئے نہر سے نعش برآمد کروائی۔ پوسٹ مارٹم میں ڈاکٹرز نے بچے سے زیادتی کی تصدیق کی ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق سات سالہ بچے سے زیادتی کرنے والا اوباش نوجوان بابر گرفتار کر لیا گیا۔ واقعہ پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا عمر فاروق نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے اندراج مقدمہ اور ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔