بھارت : پوجا کے بعد پورا گاؤں کروناسے متاثر: گجرات میں کرفیو نافذ
ہما چل پردیش+ہریانہ(نیٹ نیوز) بھارت میں پوجا کے بعد پورا گاؤں کرونا سے متاثرہوگیا جبکہ کرونا کیسز کے بڑھنے سے ہریانہ میں سکول بند کر دیئے گئے جبکہ گجرات میں کرفیو نافذ کردیا گیا۔ بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے گاؤں میں ایک شخص کو چھوڑ کر باقی تمام دیہاتیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہماچل پردیش کی وادی لاہول کے ایک چھوٹے سے گاؤں کے رہائشیوں کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا اور حیران کن طور پر 52 سالہ بھوشن ٹھاکر کو چھوڑ کر تمام دیہاتیوں میں کرونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ گاؤں میں کرونا ٹیسٹ پوجا کی ایک تقریب کے بعد کیا گیا تھا۔ادھربھارتی ریاست ہریانہ میں کرونا کیسز بڑھنے پر تمام سکولوں کو 30 نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔ جبکہ گجرات کے شہر احمدآباد میںگزشتہ روز کرفیو نافذ کردیاگیا۔دوسری جانب مغربی ریاست گجرات کے صدر مقام احمدآباد میں گزشتہ رات 9 بجے سے 57 گھنٹوں کیلئے کرفیو نافذ کردیا جائے گا۔ گجرات حکومت نے 23 نومبر سے سکول، کالج کھولنے کا فیصلہ بھی مؤخر کردیا ہے۔