• news

ریاست مدینہ کا قیام صبر آزما، آغاز کی طرف بڑھ چکے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر لاہور کے داخلی و خارجی راستے ٹھوکر نیاز بیگ پر خیر مقدمی آرائشی گیٹ ’’باب لاہور‘‘ کی تعمیر مکمل ہو گئی ہے اور وزیراعلیٰ نے باب لاہور منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے تختی کی نقاب کشائی کر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ باب لاہور کی تعمیر سے دوسرے شہروں سے لاہور آنے والوں پر شہر کا خوشگوار تاثر قائم ہو گا۔ لاہور باغوں اور پھولوں کا شہر ہے، باب لاہور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا۔ منصوبے کے تحت ٹھوکر نیاز بیگ جنکشن کی ری ماڈلنگ بھی کی گئی ہے اور نہر کے ساتھ گرین ایریاز قائم کئے گئے ہیں۔ باب لاہور 130فٹ چوڑا اور 60فٹ بلند ہے اور اس کے دونوں اطراف سٹیل ورک سے درود شریف لکھا گیا ہے۔ لاہور کو نئی شناخت دی ہے۔ سابق حکمرانوں نے خوبصورت شہر کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ لاہور کے دیگر داخلی و خارجی راستوں کو بھی خوبصورت بنائیں گے۔ عثمان بزدار نے باہمت بزرگ پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے خواتین میں باہمت بزرگ کارڈ تقسیم کئے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب بھر میں 65 سال اور اس سے زائد عمر کے مستحق بزرگوں کی مالی معاونت کیلئے باہمت بزرگ پروگرام کے تحت 2 ارب روپے کی ابتدائی رقم سے خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔ ’’باہمت بزرگ پروگرام‘‘ کے تحت بزرگ شہریوں کو ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ بے سہارا بزرگ شہریوں کی معاشی مشکلات کم ہوں گی۔ بزرگ خواتین کو خصوصی طور پر اس پروگرام میں شامل کیا گیاہے تا کہ انہیں اپنی ضروریات کے لئے کسی کا دست نگر نہ ہونا پڑے۔ باہمت بزرگ پروگرام کا آغاز بے حد خوش آئند ہے۔ پروگرام کے آغاز پر میں اطمینان محسوس کررہا ہوں۔ عمران خان نے ریاست مدینہ کا جو تصور دیا ہم اس کے آغاز کی طرف بڑھ چکے ہیں۔ ریاست مدینہ کا قیام طویل اور صبر آزما کام ہے۔ یقین ہے کہ ہم اس سنگ میل کو عبور کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ ریاست مدینہ ایسی مثالی ریاست ہوگی جہاں ہر شہری کیلئے ریاست اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے گی۔ عثمان بزدار نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن