عالمی برادری کشمیری بچوں کی حالت زار کا نوٹس لے: پاکستان
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی/ نوائے وقت رپورٹ) صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بچوں کو ہر طرح کے استحصال، امتیاز اور پسماندگی سے بچانے کے لئے پر عزم ہے۔ بچوں کی حفاظت اور انہیں کسی بھی طبقے، ذات یا مذہبی تفریق کے بغیر ترقی اور شرکت کے مواقع دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ بچوں کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں صدر نے کہاکہ پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام قومی، علاقائی اور بین الاقو امی سطح پر مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے۔ حکومت بچوں کو یکساں مواقع اور زندگی کے ہر شعبے میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت بچوں کی زندگی پر مثبت اثر کیلئے اصلاحات کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہے۔ حکومت نے زینب الرٹ ایکٹ، جویوینائل جسٹس سسٹم ایکٹ اور آئی سی ٹی چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ جیسے قوانین پاس کیے۔ انہوں نے کہاکہ بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے قومی کمشن کا قیام عمل میں لایا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکومت اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت بچوں کی ترقی‘ تعلیم‘ صحت کی دیکھ بھال‘ ان کے وقار اور سلامتی کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے موجودہ حکومت نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مختلف پروگرامز شروع کئے ہیں۔ مختلف اقدامات کے ذریعے قانون کی حکمرانی اور معاشی انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حکومت ملک میں کووڈ 19- کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور اسی کے مطابق لوگوں پر اس کے منفی اثرات کو کم کرنے کیلئے صوبائی حکومتوں اور شراکت داروں کے ساتھ ملکر ہر ممکن مناسب اقدامات اٹھا رہی ہے۔ حکومت ایک فلاحی ریاست تشکیل دے رہی ہے جہاں تمام شہریوں کو شفافیت کی ضمانت دی جائے گی حکومت کی دیگر ترجیحات کے ساتھ تشدد سے پاک معاشرے کی تشکیل اوربچوں سے بدسلوکی کا خاتمہ بھی اولین ترجیح ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بچوں کے عالمی دن پر بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بچوں کی حالت زار کو فراموش نہیں کیا جانا چاہئے، عالمی برادری کو مظلوم کشمیری بچوں کی حالت زار کا نوٹس لینا چاہیے، بھارت اپنی غیر قانونی اور غیر انسانی پالیسیوں اور طرز عمل کو فوری طور پر بند کرے۔ پاکستان بچوں کی مزدوری، جبری شادیوں اوربچوں کے خلاف تشدد کے واقعات کے خاتمے کے عزم پر قائم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان بچوں کے حقوق کے فروغ اور تحفظ کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کا پابند ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے بچوں کے استحصال اور جنس ، مذہب اور نسل کی بنیاد پر ان کے ساتھ امتیازی سلوک کے خاتمے کے لئے متعدد ادارہ جاتی اور قانونی اقدامات اٹھائے ہیں۔