• news

شہباز شریف کی غلط پالیسیوں سے گجرات‘ سرگودھا یونیورسٹی کے طلبا رل گئے: پرویز الٰہی  

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے یونیورسٹی آف گجرات کے میڈیکل فائنل ایئر کے طلبہ نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میں شاداب اسلم، انوارالحق، ماریہ ناگی اور تحریم ہمایوں شامل تھیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے طلبہ کے مسائل سننے کے بعد کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد گجرات یونیورسٹی کے مسائل حل کر دئیے جائیں گے۔ شہباز شریف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے گجرات اور سرگودھا یونیورسٹیوں کے طالبعلم رل گئے ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ شہبازشریف نے تختیاں لگانے کے چکر میں ہوم ورک مکمل نہیں کیا جس کی وجہ سے تعلیمی ادارے تباہی کے دہانے پر ہیں۔ اس وقت میڈیکل کے شعبہ کے 500 طلباء و طالبات شہبازشریف کو کوس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے طلبہ کے مسائل کو فوری حل کرنے کیلئے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ طلبہ پریشان نہ ہوں ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ طلبہ کے وفد نے چودھری پرویزالٰہی کو بتایا کہ ہوسٹل جنگل کا سماں پیش کر رہا ہے۔ جھاڑیاں اس قدر بڑھ چکی ہیں کہ کیڑے مکوڑے کمروں میں عام نظر آتے ہیں۔ بجلی کا نظام، پینے کا صاف پانی اور سیوریج سسٹم بالکل خراب ہو چکا ہے جبکہ گرلز ہوسٹل کی باؤنڈری وال تک نہیں ہے۔ یونیورسٹی کے طلبہ کی آخری امید چودھری پرویزالٰہی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن