گوجرانوالہ: بوگس رینٹ ایگریمنٹ‘ سابق میئر شیخ ثروت و دیگر کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ریجن کی بڑی کارروائی‘ سرکاری املاک پر ناجائز قابضین اور ان کی معاونت کرنے والے بد عنوان سرکاری اہل کاروں کے خلاف ایکشن۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن منڈی بہائوالدین رائے ذوالفقار کی انکوائری رپورٹ میں جرم ثابت ہونے پر سابق یونین کونسل چیئرمین عاطف بٹ اور ان کی بیوی روحی سحر‘ سابق میئر گوجرانوالہ میونسپل کارپوریشن شیخ ثروت اکرام ‘ اظہر سہیل جونیئرکلرک / رینٹ کلرک‘ شہزاد احمد کھوکھر سابق لینڈ سپرنٹندنٹ‘ خواجہ صفدر ایم او (آر)‘ احمد کمال سابق چیف آفیسر‘ محمد یونس کھوکھر اشٹام فروش‘ ملک شاہ زیب گواہ بوگس ایگریمنٹ اور محمد اسلم گواہ بوگس ایگریمنٹ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ محمد زمان نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق مونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کے جنرل بس سٹینڈ میں واقع ایک دکان کا بوگس رینٹ ایگریمنٹ روحی سحر زوجہ عاطف بٹ سابق یونین کونسل چیئرمین کے نام ستمبر 2003 میں تیار ہونا ظاہر کیا گیا لیکن دوران انکوائری یہ رینٹ ایگریمنٹ بوگس ثابت ہوگیا ۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ اس بوگس ایگریمنٹ پر سابق ناظم تحصیل کونسل گوجرانوالہ سٹی خواجہ جاوید کے جعلی ستخط کئے گئے جنہوں نے دوران انکوائری ایسے کسی بھی رینٹ ایگریمنٹ اور ان پر اپنے دستخطوں سے مکمل لاعلمی کا اظہار کیا۔ مزید برآں 2003 میں تیار ہونے والے اشٹام پیپر پر 2015 میں سرکاری طور پر متعارف کروایا جانے والا لوگو تھا جو ناممکن بات ہے۔ دوران انکوائری2005 اور 2017 میں لوکل گورنمنٹ سسٹم میں ہونے والی ٹرانزیکشن کے عرصہ میں مذکورہ رینٹ ایگریمنٹ کا کو ئی بھی ریکارڈ دستیاب نہیں تھا اور نہ ہی 2003 سے لے کر 2016 کے دوران جمع کرائے جانے والے رینٹ کی کو ئي رسیدیں موجود تھیں اور اصل رینٹ ایگریمنٹ اور فائل بھی ضائع کر دی گئی تھی۔