چین کی جانب سے ہلالِ احمر پاکستان کو 17 ملین کی امداد
اسلام آباد( نامہ نگار ) چین کورونا وبا سے متاثرہ افراد کی طبی امداد اور معاشی مدد کیلئے ہلالِ احمر پاکستان کو 17 ملین کی امداد فراہم کرے گا۔ اِس ضمن میں گزشتہ روز چینی سفارتخانہ کی ڈپٹی چیف مشن مسز پینگ چنگوس اور ہلالِ احمر پاکستان کے سیکرٹری جنرل خالد بن مجید نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین ابرار الحق بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کے موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے چینی سفارتخانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اِس امدادی گرانٹ کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ ابرار الحق کا کہنا تھا کہ مذکورہ گرانٹ کورونا وبا سے شدید متاثر ہونے والے افراد کی مشکلات میں کمی لائے گی۔ ابرار الحق نے مزید کہا کہ ہلالِ احمر نے موجودہ صورتحال میں نہ صرف کیش گرانٹ کی فراہمی کیلئے خصوصی پروگرام تشکیل دیا بلکہ اِس وبا کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات اور کوششوں کو بھی تقویت بخشی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں قائم ہلال ِاحمر کورونا کیئر ہسپتال ہمہ وقت مفت تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کررہا ہے۔مذکورہ ہسپتال کا عملہ کورونا وبا کیخلاف فرنٹ لائن پر ہے۔ ہلال ِاحمر کے سیکرٹری جنرل خالد بن مجید کا کہنا تھا کہ چائنہ ریڈکراس سوسائٹی نے ہمیشہ ضرورت کے دِنوں میں امدادی سامان فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب اور زلزلہ کے دوران بھی چائنہ ریڈکراس سوسائٹی نے ہلالِ احمر کی بھرپور مدد کی تھی۔ انہوں نے اِس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ چائنہ ریڈکراس سوسائٹی نے کورونا وبا کیخلاف ہلال ِاحمر کی خدمات کے پیش ِ نظر امدادی تعاون کو وسعت دیتے ہوئے طبی آلات حفظانِ صحت سے متعلق کِٹس اور فنڈز دیئے ہیں۔ خالد بن مجید نے دونوں اداروں کے باہمی تعاون اور روابط کو دیگر موومنٹ پارٹنرز کیلئے مثال قرار دیا ہے۔ چینی سفارتخانہ کی ڈپٹی چیف آف مشن مسز پینگ چینگوس انسانیت کی خدمت کیلئے ہلالِ احمر کی خدمات اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے باہمی تعاون کو فروغ دینے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے کورونا وبا سے نمٹنے، تشخیص و علاج کی سہولیات بہم پہنچانے کیلئے ہلال ِاحمر کی تعریف کی۔