• news

گوادر بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیاں شروع،ایف بی آر نے اپنے پر وگر ام کا آغاز کر دیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم پاکستان کی ہدایات کے تحت گوادر بندرگاہ پر تجارتی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے فیڈرل بورڈ آ ف ریوینو نے اپنے پروگرام کا آغاز کر دیا ہے جس کے نتیجے میں 200 ٹن مچھلی کے ساتھ پہلا بحری جہاز بین الاقوامی پانیوں سے گوادر پہنچ چکا ہے۔ یہ مچھلی ریفر کنٹینرز میں چین بھجوائی جائے گی جس سے بلوچستان کے عوام اور ملکی معیشت کے لئے ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ پاکستان کسٹمز نے وزیراعظم کے وڑن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے گوادر کو بین الاقوامی ٹرانزٹ ٹریڈ کا گڑھ بنانے اور گوادر بندرگاہ کے راستے تجارت میں ہر ممکن سہولت پیدا کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ایف بی آر اس سلسلے میں 10 مارچ 2020 کو ایس آر او 2020/(1)218 کے ذریعے انٹرنیشنل ٹرانس شپمنٹ کے قواعد کا نوٹیفکیشن جاری کر چکا ہے۔ ٹرانزٹ ٹریڈ کے لئے مخصوص ڈائریکٹوریٹ بھی قائم کر دیا گیا ہے جو متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے گوادر کو ٹرانزٹ ٹریڈ کا گڑھ بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ فعال لائحہ عمل اور تمام متعلقہ فریقوں کی معاونت کے نتیجے میں افغانستان کے لئے ایل پی جی، سٹیل پائپ، ڈی اے پی کھاد سمیت انٹرنیشنل کارگو کے مزید کئی جہاز آئندہ چند دنوں میں گوادر بندرگاہ پہنچنے والے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی کاروباری برادری اور شپنگ لائنیں اس بندرگاہ سے پیدا ہونے والے اقتصادی امکانات اور پاکستان کسٹمز کی طرف سے تجارت میں سہولت کے لئے کئے گئے شاندار اقدامات پر مکمل اعتماد کرتے ہیں۔ گوادر، پاکستان کا مستقبل ہے اور آنے والے دنوں میں یہ ملک کے لئے قیمتی زرمبادلہ کمانے میں مدد دے گا۔ کامرس کے مشیر کی زیرقیادت افغانستان کا دورہ کرنے والے اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد کے حالیہ دورے کے دوران افغان کاروباری شخصیات نے گوادر کی بندرگاہ کے ذریعے تجارت کے لئے سرمایہ کاری کرنے میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔

ای پیپر-دی نیشن