• news

وفاق پیاز کی ایکسپورٹ پر پابندی ختم کرے: وزیر زراعت سندھ

کراچی (نیٹ نیوز)   سندھ حکومت نے وفاق سے پیاز کی بیرون ملک برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق پیاز کی برآمد پر پابندی ختم کرے اور درآمد پر عارضی پابندی لگائے۔ صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے اس حوالے سے کہا ہے کہ سب سے زیادہ پیاز کی پیداوار سندھ میں ہے۔ وفاق ایکسپورٹ سے فوراً پابندی ہٹائے اور امپورٹ پر پابندی لگائے۔ سندھ میں اس سال بمپر کراپ فصل متوقع ہے کیوں کہ سندھ میں 56 ہزار ہیکٹر پر پیاز کاشت کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اس سال صوبے میں 7 لاکھ 60 ہزار ٹن پیاز کی پیداوار متوقع ہے جبکہ صوبے کی کھپت 5 لاکھ 63 ہزار ٹن ہے۔ اس اعتبار سے ایک لاکھ 97 ہزار ٹن پیاز کھپت سے زائد پیدا ہوگی۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ  وفاق کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی زرعی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے۔ وفاق ہمشیہ الٹے کام کرتا ہے۔ وزیر زراعت نے کہا کہ وفاق ایران اور افغانستان سے پیاز منگوا رہا ہے اور ایکسپورٹ سے پابندی نہیں ہٹارہا۔ پیاز امپورٹ ہونے کی وجہ سے ملکی کاشت کاروں کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔ آلو ایکسپورٹ ہورہا ہے تو پیاز پر پابندی کیوں عائد ہے؟۔

ای پیپر-دی نیشن