• news

مرغی کا گوشت 350  روپے کلو تک پہنچ گیا‘ چینی سستی نہ ہو سکی‘ ٹماٹر 200  روپے کلو

لاہور (کامرس  رپورٹر) آٹا اور چینی کے بعد پولٹری مافیا بھی میدان میں آگیا۔ مرغی کے گوشت کے علاوہ انڈوں  کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔  240 روپے سے 245 روپے تک فروخت ہونے والا برائلرگزشتہ روز سرکاری نرخنامہ کے مطابق  گوشت 319 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے۔ تاہم بعض علاقوں میں اس کی قیمت 320 سے 350روپے فی کلو تک رہی۔  اسی طرح انڈے سرکاری نرخنامہ کے مطابق  171 روپے فی درجن تک پہنچ گئے ہیں  لیکن بعض علاقوں میں  انڈے180 جبکہ  گردونواح میں 190 روپے فی درجن میں فروخت ہورہے ہیں اور ایک انڈا 20 روپے میں فروخت کیاجارہا ہے۔ برائلر گوشت کی قیمت میں گزشتہ روز 6 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا۔ پولٹری کے کاروبار سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ قیمتیں بڑھنے کی وجہ حکومتی پالیسیاں ہیں کیونکہ جب پولٹری کے کاروبار سے وابستہ افراد اور ادارے شدید مندے کا شکار تھے تو ان پر  قیمتیں کم کرنے کے لئے ناجائز دبائو ڈالا گیا۔ نقصانات کے نتیجہ میں  پولٹری کے کاروبار سے وابستہ کئی بڑے ادارے بند ہو گئے اور انہیں کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ ملکی چینی کی قیمت میں گزشتہ روز کوئی کمی نہیں آئی ، جنر ل سٹوروں اور عام دکانوں پر ملکی شوگر ملوں کی چینی کی فی کلوکا  پرچون میں ریٹ  110 روپے فی کلوتک رہا۔ درآمدی باریک چینی کا تھوک میں ریٹ 80.50روپے فی کلو رہا۔ آلو کی  سرکاری نرخنامہ کے مطابق  100 سے 105 روپے فی کلورہی جبکہ بعض علاقوں میں اس کی قیمت 150 روپے فی کلو تک پہنچ گئی  پرچون میں درجہ اول کے ٹماٹر کا ریٹ130روپے فی کلو سے 140روپے تک رہا  جبکہ بعض علاقوں اس کا ریٹ 180 روپے سے 200 روپے فی کلو تک رہا  تھا ادرک کی قیمت اوپن مارکیٹ میں 600 سے 700 روپے فی کلو تک رہی۔

ای پیپر-دی نیشن