آرمینیا نے جنگ بندی معاہدے کے تحت ضلع اغدام کا قبضہ چھوڑ دیا، آذری فوج داخل
باکو (نوائے وقت رپورٹ) آرمینیا نے جنگ بندی معاہدے کے تحت ضلع اغدام کا قبضہ چھوڑ دیا۔ آذربائیجان کی افواج وادی میں داخل ہو گئیں۔ آذربائیجان کے شہریوں کا جشن، اونچے مقام پر جھنڈا لہرا دیا گیا۔ دوسری جانب آرمینیا کے وزیر خارجہ کے بعد وزیر دفاع بھی مستعفی ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق آرمینیا نے جنگ بندی معاہدے کے تحت ضلع اغدام کو آذربائیجان کے حوالے کر دیا ہے۔ آذری فورسز کانوائے کی صورت میں وادی میں داخل ہوئیں تو شہریوں نے قومی پرچم لہرا کر فوجیوں کا استقبال کیا۔ 27 سال بعد ضلع اغدام کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے پر آذربائیجان میں ہر طرف جشن کا سماں ہے۔ دوسری جانب آرمینیا میں وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے۔