• news

 ووٹ چور حکومت اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، شاہد خاقان عباسی

کلرسیداں(نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے موجودہ نااہل اور ووٹ چور حکومت اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ملک کو موجودہ صورتحال سے نجات دلانے کا واحد راستہ موجودہ فسطائیت پسند حکومت کا خاتمہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گاؤں بیور میں مسلم لیگ ن تحصیل کہوٹہ کے صدر راجہ محمد بشیر کی وفات پر فاتحہ خوانی اور اہل خانہ سے تعزیت کے بعد نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق رکن اسمبلی محمود شوکت بھٹی،مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری شوکت اقبال جنجوعہ،محمد زبیر کیانی،راجہ محمد سلیم اور دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ جس انداز سے ملک کو چلایا جا رھا ہے اس طرح تو گھر کو بھی نہیں چلایا جاتا حکومت ساری اپوزیشن کو جیل میں ڈال کر کے ملکی حالات بہتر نہ کرسکی احتساب کے نام پر انتقام اور سیاسی انجینئرنگ کا کام جاری ہے مگر اس کے باوجود حکومت عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی انہوں نے کہا کہ کس نے الیکشن جیتنا ہے کس نے کس طرح حکومت بنانی ہے اس کے فیصلے کو اختیار صرف عوام کے پاس ہے دیگر ذرائع آزمائے جا چکے اس سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا انہوں نے کہاکہ ملک کو موجودہ سیاسی معاشی اقتصادی بحرانوں سے نجات دلانے کا واحد راستہ موجودہ حکومت کی چھٹی ہے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جو لوگ ہمارا الیکشن چوری کر کے نااہل لوگوں کو اقتدار میں لائے ہیں انہیں ہی انہیں اقتدار سے رخصت کرنا ہو گا ورنہ ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے انہوں نے کہا کہ ملک کو نیب کے اشتراک سے نہیں آئین اور قانون کی حکمرانی کے ذریعے ہی چلایا جا سکتا ہے ورنہ ملک آگے نہیں بڑھ سکے گا انہوں نے راجہ محمد بشیر کی کورونا سے موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم مسلم لیگ ن کا اثاثہ تھے یہ ساری زندگی مسلم لیگ کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے اور کئی بار قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں انہوں نے مرحوم کے بارہ سالہ بیٹے عثمان اور دیگر سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔

ای پیپر-دی نیشن