• news

حکمران خود بڑا کرونا، آج پشاور میں تاریخی جلسہ ہوگا: فضل الرحمن

پشاور+اسلام آباد (بیورو رپورٹ +خصوصی نمائندہ، نوائے وقت رپورٹ)جمعیت علماء اسلام و پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا کہ حکومت عوام کی نہیں چوری کے مینڈیٹ کی نمائندہ ہے، حکومت کو کسی محاذ پر چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ایک ٹرمپ چلاگیا اب پاکستانی ٹرمپ کو بھی چلتا کریں گے، اس حوالے سے ہر شخص کو بڑی سنجیدگی سے کردار ادا کرنا چاہئے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کل پشاور میں تاریخی جلسہ ہوگا، کوئی بہانہ نہ ملا تو کہہ دیا کہ کرونا وائرس کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور کے شہری بی آر ٹی کی حالت دیکھ کر ملک کی حالت جان سکتے ہیں، ہم ملک کے ہر مکتبہ فکر اور ہر طبقہ کی نمائندگی کررہے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عوام کے ووٹ چوری کرنے والوں کو آرام سے بیٹھنے نہیں دیں گے، ملک میں ناجائز حکومت کے خلاف تحریک جوبن پر ہے۔فضل الرحمن نے کہا کہ حکمران بذات خود بڑا کرونا وائرس ہیں، کرونا 19 کے ساتھ ساتھ ہم کرونا 18 کی بھی بات کرتے ہیں۔ہفتہ کویہاں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ حکمران مسلسل اعلان کررہے ہیں کرونا پھیل رہا ہے اور پی ڈی ایم پشاور میں جلسہ نہ کرے ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم گلگت بلتستان میں جلسے کریں تو ٹھیک ہے ،اپوزیشن سے تکلیف ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وزرا گلگت بلتستان میں جلسے کئے کرونا نہیں تھا۔ ؟،وزیر اعظم نے سوات میں جلسہ کیا تو کرونا نہیں تھا ؟،پی ڈی ایم کے جلسے سے ہی کرونا پھیلتا ہے۔ ؟ انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم کے جلسے حکومت کو کھٹک رہے ہیں ،اپوزیشن کو جلسوں سے روکنا جمہوریت کے منافی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم کارکنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں،حکومت پشاور کے آس پاس عوام کو جلسے سے روکے تو جس جگہ روکیں وہی پر احتجاج شروع کر دیں،جو کارکنان جلسے میں آرہے ہوں گے تو انہیں روکا گیا تو وہیں دھرنا شروع کردیں۔اپوزیشن نے پشاور جلسہ ہر صورت کرنے کا اعلان کردیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومتی کرونا سے سو فیصد خطرہ ہے۔ حکومتی کرونا 6 ماہ میں بھوک سے مار دے گا۔ پی ڈی ایم تحریک اجازت لے کر نہیں چلائی جاسکتی جلسہ کرنے کیلئے اجازت کی ضرورت نہیں صرف اطلاع دے دی گئی ہے۔ وفاق اور پنجاب میں چھوٹے بڑے کرونا کا جانا ٹھہر گیا۔ کرونا کے پیچھے چھپنے سے پی ڈی ایم کا جلسہ نہیں رکے گا۔ امیر مقام نے کہا کہ عمران خان کو عوام کی فکر ہوتی تو ہم کیوں نکلتے ۔ پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پہلے کووڈ18 سے چھٹکارا پائیں گے بعد میں کووڈ19 سے نمٹیں گے۔ پی پی رہنما شیری رحمن نے وزیراعظم کی تنقید پر ردعمل میں کہا ہے کہ شکر ہے جلسوں کے بہانے وزیراعظم کو کرونا کا خیال تو آیا۔ حکومت ہاتھ سے نکلنے لگی تو یہ کرونا کی صدائیں لگانے لگے۔ عمران خان کبھی خود بھی ماسک پہن لیا کریں۔اپوزیشن جماعتوں کا سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) آج پشاور میں اپنی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔صوبائی دارالحکومت میں منعقد کئے جانے والے جلسہ عام کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ، جلسے کو کسی کھلے میدان کے بجائے رنگ روڈ پر کبوتر چوک میں منعقد کیا جائے گا جس کیلئے رنگ روڈ کے دونوں اطراف میں کرسیاں لگائی جائیں گی۔دوسری جانب پشاورپولیس نے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی، جلسے کے دوران 4ہزار سے زائد اہلکار و افسران ڈیوٹی انجام دیں گے، سکیورٹی انتظامات اور حالات کا جائزہ لینے کیلئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے اس کے علاوہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس نے بھی خصوصی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے حکومت کیخلاف آج اتوار کے روز پشاور میں جلسہ کیا جائے گا، پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کے زیر اہتمام منعقد کئے جانے والے جلسہ عام کے لئے کنٹینرز پہنچا دیئے گئے ہیں اور 10 ہزار کے قریب جلسے کے شرکا ء کیلئے کرسیاں لگائی گئی ہیں۔اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ علاقہ پولیس نے پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کو ہدایت کی تھی کہ وہ لائے جانے والے کنٹینرز ہفتہ کے روز نہ لگائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پولیس نے پی ڈی ایم کی مقامی قیادت سے کہا تھا کہ وہ لائے جانے والے کنٹینروں کو کسی دوسری جگہ منتقل کردے تاکہ عوام کو تکلیف نہ ہو۔ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ڈی ایم کی مقامی قیادت نے اس سلسلہ میں علاقہ پولیس سے کہا کہ لائے جانے والے تمام کنٹینرز راستے میں رکھنے کیلئے نہیں بلکہ جلسہ گاہ میں لگانے کیلئے ہیں، پی ڈی ایم کی مقامی قیادت کی زیر نگرانی کارکنان نے لائے جانے والے تمام کنٹینرز کو لگادیا ہے جبکہ پارٹی عہدیداروں اور رہنمائوں کیلئے سٹیج بھی سجا لیا گیا ہے۔  دوسری طرف خیبر پختونخوا کی حکومت نے کہا ہے کہ پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، کورونا سے لوگوں کو نقصان پر اپوزیشن کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔  خیبر پختونخوا کی حکومت نے  واضح کیا کہ اپوزیشن کو عوام کی نہیں کرپشن بچانے کی فکر ہے، کسی کو عوام کے جان و مال سے کھیلنے نہیں دیں گے، کورونا سے لوگوں کو نقصان پر اپوزیشن کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن