خیبر پی کے میں کیسز بڑھے تو اپوزیشن رہنمائوں کیخلاف پرچہ درج کرائیں گے: شبلی فراز
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ ذاتی مفاد کیلئے عوام کی زندگیوں سے کھیلنا بڑی خود غرضی ہے،سماجی رابطے کی ویب ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن غیر ذمہ داری کا ثبوت دینے پر تلی ہوئی ہے۔انکاجلسے منعقد کرنے پر بضد ہونا ان کی غیر جمہوری سوچ اور غیر ذمہ دارانہ رویے کا عکاس ہے۔عدالتی اور حکومتی احکامات کے بعد جلسے منعقد کرنے کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں بنتا۔ذاتی مفاد کے لئے عوام کی صحت اور زندگیوں سے کھیلنا سب سے بڑی خود غرضی ہے۔خیبر پی کے میں کیسز بڑھنے کی صورت اپوزیشن رہنمائوں اور جلسے کے منتظمین کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے گی۔