نیشنل ٹرائی اینگولر ویمنز ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ آج سے شروع ہو گی
لاہور (نمائندہ سپورٹس )نیشنل ٹرائی اینگولر ویمنز ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ آج سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہو گی۔ 10 روزہ ٹورنامنٹ میں پی سی بی بلاسٹرز، چیلنجرز اور ڈائنا مائٹس ٹیمیں شرکت کریں گی۔ 42 کرکٹرز شرکت کریں گی جبکہ ایونٹ میں تقریباََ 17 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں 2 ٹاپ ٹیمیں یکم دسمبر کو پوائنٹس کی بنیاد پر فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سات میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ کو لائیوسٹریم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایونٹ کے تمام میچز پی سی بی کے آفیشل یو ٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیے جائیں گے، جہاں 9 کیمروں سے کوریج کی جائیگی۔ گزشتہ سال کی نسبت ایونٹ کی انعامی رقم میں دوگناہ اضافہ کردیا گیا ہے۔پی سی بی چیلنجرز ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ منیبہ علی دفاعی چیمپئن کی قیادت کریں گی۔ فاتح ٹیم کودس لاکھ اور رنرزاپ کو پانچ لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائیگی۔ میچ کی بہترین کھلاڑیوں کو 20 ہزار روپے جبکہ پلیئر آف دی چیمپئن شپ کو 50 ہزار روپے انعام دیا جائیگا۔