مشیر اندھیرے میں رکھ رہے‘ وزیراعظم خود باہر نکل کر مہنگائی کا جائزہ لیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اندھیر ے میں ہیں اور ان کے مشیر انہیں غلط اطلاعات پہنچا رہے ہیں۔ ممکن ہے وزیر اعظم کی معاشی حالت واقعی بہتر ہوگئی ہو مگر ملکی معیشت ڈوب گئی ہے۔ پاکستان کی کرنسی اس وقت بھوٹان، افغانستان اور سری لنکا سے بھی نیچے چلی گئی ہے۔ بنگلا دیش اور انڈیا ہم سے آگے نکل گئے ہیں۔ غربت، مہنگائی اوربے روز گاری میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ لاکھوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ملک پر قرضوں کا کوہ ہمالیہ لاد دیا گیاہے اور وزیر اعظم اب بھی قوم کو سبز باغ دکھا رہے ہیں۔آج 22نومبر کو مینگورہ میں ہونے والا جماعت اسلامی کا جلسہ ملکی تاریخ کے چند بڑے جلسوں میں سے ایک ہوگا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہر طرف ایک بے یقینی اور بے چینی کی صورتحال ہے۔مہنگائی نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے اور چھوٹے بڑے تاجرکاروبار ٹھپ ہونے سے چکرا گئے ہیں۔ وزیر اعظم کو چاہئے کہ ایسے مشیروں کی رپورٹوں پر کان دھرنے کی بجائے باہر نکلیں اور مہنگائی کے مارے عوام کی حالت دیکھیں۔اب تو پی ٹی آئی کے اپنے ووٹر اور سپورٹر ز بھی حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں۔ ہم کراچی سے چترال تک لوگوں کو منظم و متحرک کریں گے۔انہوں نے کہاکہ اس وقت حقیقی اپوزیشن جماعت اسلامی ہے ،اپوزیشن اتحاد میں موجود دونوں بڑی جماعتوں کو عوام نے ایک بار نہیں تین تین بار آزماکر دیکھ لیا۔ اور جب تک قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہوتا ملک و قوم کے مسائل حل نہیں ہونگے۔