آج کے دن چین نے 1962 میں یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا
اسلام آباد ( عبداللہ شاد - خبر نگار خصوصی) 1962 میں چین اور بھارت کے مابین خونریز جنگ ہوئی، بھارتی سیکورٹی فورسز کی مقدور بھر ٹھکائی کرنے کے بعد چین نے آج کے دن 22 نومبر 1962 کو یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ اس موقع پر چینی حکومت کے نمائندہ اخبار روزنامہ ’’پیپلز ڈیلی‘‘ نے اپنے اداریے میں لکھا تھا کہ ’’ نہرو (اس وقت کے بھارتی وزیراعظم) بھارت سے چینی افواج کو بھگانے کی بڑھکیں لگاتے ہیں، وقت آگیا ہے کہ مسٹر نہرو کو بتایا جائے کہ بھارتی فوج میں اتنی ہمت نہیں کہ چینی فوج کے بہادر سپاہیوں کو اپنے ہی علاقے یعنی ارونا چل پردیش سے نکال سکے۔ہم (چین) محض عالمی امن کی خاطر مسٹر نہرو سے کہتے ہیں کہ اپنے جوئے میں داؤ کے بطور ہندوستانی فوجیوں کی جانوں کو استعمال نہ کریں‘‘۔ یاد رہے کہ اس جنگ کے نتیجے میں 4897 بھارتی فوجی چینی سپاہیوں کے ہاتھوں مارے گئے تھے جبکہ 3968 حراست میں لئے گئے تھے۔ اسی تناظر میں ذرائع نے کہا ہے کہ بھارت اور چین کے مابین سینئر فوجی کمانڈروں کی 8 ویں طویل میٹنگ کے بعد بھی کشیدگی میں کمی نہیں آئی، اس وقت چین لداخ میں اپنی چوکیوں میں تیزی سے انفراسٹرکچر کی تعمیر کر رہا ہے، یہی نہیں چین کے اضافی فوجی اور بھاری مشینری لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر مقبوضہ ارونا چل پردیش اور بھارتی صوبوں اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، سکم کی سرحدوں پر متعین کی جا رہی ہیں جن سے بھارتی فوج کی تشویش میں اضافہ جبکہ مورال میں تیزی سے گراوٹ آ رہی ہے۔