کراچی: غیرقانونی الاٹمنٹ ، مصطفیٰ کمال سمیت 5 ملزموں پر فرد جرم عائد
کراچی(صباح نیوز)غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں سابق سٹی ناظم مصطفی کمال اور سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فضل الرحمن سمیت دیگر ملزموںپر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ ہفتہ کو کراچی میں غیر قانونی الاٹمنٹ کیس کی سماعت احتساب عدالت نمبر تین میں ہوئی۔نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں کہا گیا کہ ملزموں نے کراچی کے علاقے کلفٹن میں 198 پلاٹ غیر قانونی طریقے سے الاٹ کئے۔ نیب حکام نے عدالت کو بتایا مصطفی کمال نے بطور سٹی ناظم کراچی میںپلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی۔عدالت نے کیس میں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال، سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فضل الرحمان، افتخار قائمخانی، نذیر زرداری اور داد ممتاز حیدر پر فرد جرم عائد کر دی۔تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا جس پر عدالت نے 5دسمبر کوآئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کر لیا۔