کراچی میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، 2 بھائیوں سمیت 3 دہشت گرد گرفتار
کراچی(نیٹ نیوز) ملیر پولیس نے شہر میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناکر 2 سگے بھائیوں سمیت 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے دھماکہ خیزمواد ، بال بیرنگ، 2 دستی بم سمیت بارود میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کرلیا۔گرفتار دو حقیقی بھائیوں کا تیسرا بھائی ممتاز عرف فرعون اپنے ساتھی احمد عرف منا کے ساتھ 2017 میںسنٹرل جیل سے فرار ہوگئے تھے۔ افغانستان میں ایف سی سے مقابلے میں ممتاز عرف فرعون مارا گیا جبکہ اس کا ایک ساتھی احمد عرف منا آج بھی مفرور ہے۔ملیر پولیس کو اطلاع ملی کہ اسٹیل ٹاؤن کے ایک مکان میں دہشت گرد موجود ہیں جو شہر میں تخریب کاری کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ بھاری نفری نے چھاپہ مارکر 3 دہشت گردوں شیخ محمد معین الدین ، اس کے چھوٹے بھائی ارباز عرف اریان اور اریب عرف بلال کو گرفتارکرلیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم ، 3 ڈیوائس ، 90 گرام دھماکہ خیز مواد ، 1005 بڑے بال بیرنگ ، 25 کلو مختلف سائز کی کیلیں اور دیگر سامان برآمد کیا۔تینوں دہشت گرد شہر میں بڑی تخریب کاری کے لیے جمع ہوئے تھے جن کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد شیخ محمد معین نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ 2007 میں کالعدم تنظیم میں شامل ہوا تھا، دونوں بھائیوں کو 2013 میں ان کے تیسرے ساتھی احمد عرف منا سمیت سی ٹی ڈی پولیس نے ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں میں گرفتار کیا تھا ، گرفتار دہشت گرد اریب عرف بلال نے 2019 میں اورنگی ٹاون کے علاقے میں 2 پولیس اہلکاروں اللہ ڈنو اور احمد علی کو قتل کیا تھا اور افغانستان بھاگ گیا تھا۔