اپوزیشن جلسہ کر کے عوام کی صحت کو خطرے میں ڈالنے کے سوا کچھ نہیں کریگی:اسد عمر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہاہے کہ پشاور میں کورونا کیسز کی شرح 13 اعشاریہ 39 فیصد رہی۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں بتایا کہ پشاور میں کورونا کے 202 مریض انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہیں، 18مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جس میں سے 14 شدید بیمار ہیں۔ اس صورت حال کے باوجود پی ڈی ایم قیادت کا کہنا ہے کہ ہم اسٹیج پر محفوظ ہیں، عوام کی فکر کس کو ہے۔وفاقی وزیر نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے آزاد کشمیر میں 2 ہفتوں کے لیے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کے چار اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کر دیا ہے لیکن دونوں جماعتوں کا اصرار ہے کے پشاور جلسہ ضرور ہو گا، دوغلے پن کی اس سے واضح مثال نہیں مل سکتی۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں تحریک انصاف نے 4 میں سے 4 اور 2018 میں 5 میں سے 5 سیٹیں جیتیں۔پشاور عمران خان کا شہر ہے، اپوزیشن جلسہ کر کے عوام کی صحت اور روزگار خطرے میں ڈالنے کے سوا کچھ نہیں کرے گی، اپوزیشن شاید پشاور کی عوام سے بدلہ لینا چاہتی ہے۔