مچھ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ، پٹڑی کو نقصان
کوئٹہ(نیٹ نیوز) مچھ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں پٹڑی کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس کو مچھ سے پہلے کولپور سٹیشن میں روک لیا گیا ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق دھماکے کے بعد لیویز اور ایف سی کی ٹیمیں فوری واقعہ کی جگہ پر پہنچ گئیںاور متاثرہ ریلوے ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔مچھ سے آن لائن کے مطابق کوئٹہ سے اندرون ملک جانے اور آنے والی ٹرینوں کی آمدورفت جزوی طور پر متاثر ہوئی۔ کوئٹہ آنے اور جانے والی مسافر ٹرینوں کو قریبی سٹیشنوں پر روک دیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک فٹ ٹریک کا ٹکڑا تباہ ہو گیا ہے۔ یہ بلاسٹ آئی ڈی ای تھا جس کا وزن تقریباً ایک کلو گرام تھا۔ ٹریک کو ٹرینوں کی آمدورفت کیلئے بحال کر دیا گیا۔