بھارت نے دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر لی، پاکستان خاموش نہیں رہے گا: شاہ محمود
ملتان (سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ہندوستان نے اس مقصد کیلئے ایک سیل بنایا ہے جس کے لیے 80 ارب کے لگ بھگ رقم مختص کی گئی ہے۔ حکومت پاکستان نے اپنے خدشات سے عالمی برادری کو آگاہ کر دیا ہے۔ بھارتی ہتھکنڈوں پر پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔ بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے اس کو ہر محاذ پر ناکامی ہوگی۔ خطے میں امن نہ صرف ہماری خواہش ہے بلکہ اولین ترجیح، لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیں گے۔ پاکستان کی طرف دیکھنے والی میلی آنکھ کو نکال باہر کریں گے۔ ان خیالات کا اظہا انہوں نے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں این اے 156 کی مختلف کونسلوں کے دورہ پر تقریبات سے خطاب ‘ وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا ہندوستان کی جانب سے مسلمانوں کی نسل کشی کے حوالے سے عالمی برادری میں سخت تشویش پائی جاتی ہے اور اپنی تشویش کا اظہار کرتا چلا آ رہا ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالات مزید خراب ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک صرف وادی تک محدود نہیں یہ سلوک پورے ہندوستان کے مسلمانوں کے ساتھ روا رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کرونا کی دوسری لہر انتہائی شدید ہے عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور جس حد تک ہو سکے ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کی ہدایات پر عمل درآمد کریں۔ کرونا وباء پر قابو اور معاشی نقصان سے بچنے کے لیے این سی او سی کی تجاویز پر عمل ضروری ہے۔ اگر عوام کرونا کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں کریں گے تو حکومت کو مجبوراً سخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں این اے 156کی یونین کونسل 17 اور 27 میں موٹر سائیکل پر بیٹھ کر دورہ کیا۔