کرونا کے شدید خطرات میں عوام کی زندگیاں دائو پر لگانا سیاسی سفا کی اور ظلم ہے : شبلی فراز
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا کے شدید خطرات میں عوام کی زندگیوں کو دائو پر لگانا سیاسی سفاکی اور ظلم ہے۔ معمولی سیاسی فائدے کیلئے بے گناہ انسانوں اور کارکنان کی زندگیوں سے کھیلنا مفاد پرست سیاسی ٹولے کی ذہنیت بے نقاب کرتا ہے۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملکی اداروں کو بدنام اور معیشت تباہ کرنے والے مجرم اب عوام کی صحت اور روزگار کے درپے ہیں۔ یہ اپنے غیر ذمہ دارانہ رویے سے عوامی صحت اور روزگار دونوں متاثر کرنا چاہتے ہیں۔کرپشن کے کورونا سے عوام حساب لیں گے۔ عدالتی احکامات کے بعد جلسوں کا انعقاد قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔پیمرا کو ایسی غیر قانونی اور عوام کی صحت کے لیے خطرناک سرگرمی کو نشر کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔عوام کی صحت اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ اتوار کو پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ(پی ڈی ایم)کے پشاور جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عوام نے جلسے کا بائیکاٹ کر کے ثابت کیا کہ وہ سیاسی بصیرت رکھنے والے باشعور لوگ ہیں۔ خیبر پختونخوا کے عوام نے عمران خان کی اپیل پر خود کو کرونا سے محفوظ رکھا۔ سینیٹر شبلی فرازنے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے پی ڈی ایم کے عوام دشمن ایجنڈے کو بھی کو ناکام بنا دیا۔ جلسے میں لوگوں کی کم دلچسپی اور شرکت عوام کا اپوزیشن پر عدم اعتماد کا واضح اظہار ہے، کرونا وباء ایک حقیقت ہے افسانہ نہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود ان کا جلسوں پر اصرار ان کی ڈھٹائی اور عوام دشمنی کا عکاس ہے، اپوزیشن نے قانون کے احترام اور عوام کی صحت کی بجائے ہمیشہ اپنی ذات کو ترجیح دی، جلسے کے شرکاء سے کہتا ہوں کہ خود کو قرنطینہ میں لے جائیں، اپنا اور دوسروں کا خیال کریں۔