کرونا: مزید 59اموات ، صوبوں کو پرسوں سے سکول بند کرنیکی تجویز دینگے: شفقت محمود
اسلام آباد، سیالکوٹ ،گجرات، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار+وقائع نگار خصوصی+ نمائندگان+ نامہ نگاران) پاکستان میں کرونا صورتحال ایک مرتبہ پھر تشویشناک ہو گئی۔ دوسری لہر کے شدت اختیار کرتے ہی یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد تیزی سے بڑھنے لگی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں ملک کے اندر کرونا کے 2 ہزار 665 کیسز اور 59 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ ایک ہزار 897 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 36 ہزار 683 تک پہنچ گئی۔ مجموعی کیسز 3 لاکھ 74 ہزار 173 جبکہ 3 لاکھ 29 ہزار 828 صحتیاب، جو 88 فیصد سے زائد ہیں۔ اموات کی تعداد 7 ہزار 662 تک پہنچ گئی ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ صوبوں سمیت تمام اکائیوں کو25 نومبر سے سکولز بند کرنے، آن لائن کلاسز کی تجویز پیش کریں گے۔ ڈبلیو ایچ او نے انتباہ کیا ہے کہ بہتر اقدامات نہ ہوئے تو اگلے سال کرونا کی تیسری لہر کا خدشہ ہے۔ صوبہ سندھ میں مزید ایک ہزار 199 کیسز کا اضافہ اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 62 ہزار 227 تک پہنچ گئی۔ مزید 17 افراد انتقال بھی کرگئے اور تعداد 2 ہزار 816 تک جا پہنچی گئی۔ پنجاب میں 553 نئے کیسز سامنے آئے، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 14 ہزار 10 ہوگئی۔ مزید 22 مریض انتقال کر گئے، اموات کی تعداد 2 ہزار 848 ہوگئی۔ خیبرپی کے میں مزید 367 افراد متاثر، تعداد 44 ہزار 97 ہوگئی۔ 2 افراد لقمہ اجل بنے، اموات ایک ہزار 325 پر جا پہنچیں۔ 45 کیسز سامنے آئے، مجموعی کیسز 16 ہزار 744 ہوگئے۔ بلوچستان میں مرنے والوں کی تعداد میں 3 کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد161 ہوگئی۔ اسلام آباد میں 392 کیسز کی تصدیق، تعداد 26 ہزار 569 ہوگئی۔ مزید 8 مریض جاں بحق بھی ہوئے، اموات 278 ہوگئیں۔ آزاد کشمیر میں 89 نئے کیسز، تعداد 6000 ہوگئی۔ مزید 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، مجموعی تعداد 140 تک جا پہنچی۔ گلگت بلتستان میں 20 نئے کیسز رپورٹ، تعداد 4 ہزار 526 ہوگئی۔ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا، اموات 94 ہوگئیں۔ پاکستان میں شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 29 ہزار 828 ہوگئی۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومتوں نے دوسری لہر سے نمٹنے میں مناسب اقدامات نہ کئے‘ آئندہ برس کے اوائل میں کرونا کی تیسری لہر کا خطرہ بھی موجود ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈیوڈ نابارو نے ایک سوئس اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر بنیادی ڈھانچہ کھڑا نہ کیا گیا‘ تو مستقبل قریب میں اقوام عالم کو کرونا کی ایک اور لہر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اپنے انٹرویو میں نابارو نے ایشیائی ممالک کے ردعمل کر سراہا اور یورپی ردعمل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کے بقول ایشیائی ملکوں نے نرمیوں میں جلدبازی نہ کی جبکہ یورپ نے ایسا کیا اور اس کا نتیجہ اب دوسری لہر کی صورت میں عیاں ہے۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں تاحال51 لاکھ80 ہزار 26 کرونا ٹیسٹ کئے گئے ہیںجبکہ گزشتہ 24گھنٹوںکے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 38,983ٹیسٹ کئے گئے۔ صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بازاروں، شاپنگ مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس میں ایس او پیز اور ماسک کو لازم قرار دیں۔ دنیا میں عالمی وبا کے سبب 5 کروڑ 84 لاکھ88 ہزار517 افراد متاثر اور 13 لاکھ86ہزار334 اموات ہوئی ہیں۔ اب تک کرونا کے 4 کروڑ 4لاکھ 64 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور ایک کروڑ 66 لاکھ37 ہزار409 زیرعلاج ہیں۔ کرونا کے باعث سب سے زیادہ کیسز اور اموات امریکہ میں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔ امریکہ میں کرونا سے 2 لاکھ 61 ہزار 790 اموات اور ایک کروڑ24 لاکھ 50 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اموات کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 263 اور90 لاکھ 95 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز پیش کرے گی کہ سکول بند کر دیے جائیں۔ ملک بھر میں کرونا وائرس سے بڑھتی اموات اور کیسز میں اضافے کے پیش نظر وفاقی حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں تجویز پیش کرے گی کہ 25 نومبر سے سکول بند کر دیے جائیں۔ شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تجویز ہے کہ کیمپس کے بجائے گھر پر پڑھائی شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ سکول آئیں، بچے آن لائن پڑھیں اور جہاں آن لائن کا بندوبست نہیں وہاں بچے ایک دن سکول آکر ہوم ورک لے جایا کریں۔ علاوہ ازیں شفقت محمود نے بتایا کہ ریڈیو سکول کے تحت روزانہ 4 گھنٹے تعلیمی مواد نشر کیا جائے گا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ نمائندہ خصوصی کے مطابق ٹوبہ ٹیک ڈسٹرکٹ ہسپتال کے انستھیزیا سپیشلسٹ ڈاکٹر محمد عاقسم اور ٹیکنالوجسٹ عباس احمد بھی کرونا کا شکار ہوگئے۔ دونوں کو پندرہ دن کے لئے قرنطینہ کر دیا گیا۔ جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال آئسولیشن وارڈ میں داخل طاہر اور راحیلہ طارق کے ٹیسٹ بھی مثبت آ گئے۔ سرجیکل فیس ماسک نایاب ہوگئے قیمت میں 4 گنا اضافہ 5 روپے میں فروخت ہنے والا ماسک 20 روپے فروخت ہونے لگا ضلعی انتظامیہ محکم صحت نے چپ سادھ لی۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر پسرور محمد اویس نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو میرج ہالز کو بھاری جرمانے کئے۔ النور میرج ہال اور عارف میرج ہال انتظامیہ نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی تھی۔ تھانہ مراد پورہ کے علاقہ کور پور میں واقع میرج ہال میں محمد علی کی بیٹی کی شادی کی تقریب تھی۔ پولیس نے شادی ہال کے انچارج ساجد کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر گجرات سلمان ظفر نے کرونا ایس او پیز کی خلاف کرنے پر فائیو سٹار میرج ہال گنجاہ کو سیل کر دیا۔ میرج ہال میں ان ڈور فنکشن جاری تھا جس پر پابندی ہے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کے میڈیکل یونٹ نمبر 2 کے چر ڈاکٹروں میں کرونا وائرس مثبت آ جانے کے بعد ڈاکٹروں کو گھروں میں قرنطینہ کر دیا گیا۔ چار ڈاکٹروں میں ڈاکٹر کاشف‘ ڈاکٹر انعام‘ ڈاکٹر کلیم پی جی آر‘ ڈاکٹر عادل خان پی جی آر شامل ہیں۔ قبل ازیںٹیچنگ ہسپتال کے گائنی وارڈ میں پانچ اور آرتھو وارڈ کے سات ڈاکٹروں میں کرونا پازیٹو آ چکا ہے۔ فیصل آباد ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری نے شادی ہالز کی چیکنگ کے دوران ون ڈش کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین شادی ہالز کو سیل اور منیجرز کو حوالہ پولیس کر دیا۔ انکے خلاف متعلقہ تھانوں میں استغاثہ دائر کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سمندری فیصل سلطان نے انسداد کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے 9 دکانیں سیل کر دیں۔ دوران چیکنگ دکانوں پر موجود افراد نے نہ تو فیس ماسلک بہن رکھا تھا اور نہ ہی سماجی فاصلہ قائم تھا اور انسداد کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔ کرونا کی دوسری لہر کے دوران فیصل آباد میں کرونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد80 تک پہنچ گئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی کرونا کے دومشتبہ مریض دستگیر پورہ کی فہمیدہ اور 31 ج ب کا نصیر احمد زندگی کی بازی ہار گیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی سربراہی میں بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس کا خصوصی اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں تیزی سے بڑھتے کرونا کیسز کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تعلیمی ادارے بند کرنے یا کھلے رکھنے بارے فیصلہ کیا جائیگا۔ اجلاس آج صبح گیارہ بجے منعقد ہوگا۔ جس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم آن لائن شریک ہوں گے۔ اس حوالے سے تمام بین الصوبائی وزراء تعلیم کے ممبران کو مراسلہ جایر کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کرونا کا شکار ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق حلیم عادل شیخ نے کرونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آیا۔ جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔