بزرگ سیاستدان چودھری انور عزیز انتقال کر گئے‘ تدفین آج شکر گڑھ میں ہو گی
شکرگڑھ (نامہ نگار)سابق وفاقی وزیر و بزرگ سیاستدان انور عزیز چوہدری لاہور کے ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کی عمر 89 سال تھی۔ انور عزیز چوہدری دانیال عزیز کے والد اور ایم این اے مہناز اکبر عزیز کے سسر تھے۔ نماز جنازہ آج دوپہر 2 بجے ادا کی جائے گی۔ گذشتہ روز ان کو دل کی تکلیف کے سبب ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ وفات پا گئے۔ انور عزیز چوہدری 1931ء میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے امریکہ سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ انور عزیز چوہدری نے تحریک پاکستان میں حصہ لیا۔ انہوں نے 1948ء کے سمر اولمپکس میں سوئمنگ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 1963ء میں سیاست کے میدان میں قدم رکھا۔ شکرگڑھ سے رکن اسمبلی منتخب ہوتے رہے۔ وہ ذوالفقار علی بھٹو اور محمد خان جونیجو کی حکومتوں میں وزیر رہے۔ انور عزیز چوہدری پنجاب کے وزیر داخلہ بھی رہے۔ سیاست کے میدان میں جیل کی صعوبتیں بھی برداشت کیں۔ ان کو کتابوں، پنجابی شاعری، لٹریچر اور سیاست سے عشق تھا۔ ملک کے سیاسی صحافتی اور ادبی حلقوں میں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ انور عزیز چوہدری کی تدفین انکے آبائی شہر شکرگڑھ میں ہو گی۔