’’کرونا پھیلائو مہم‘‘ پی ڈی ایم کی خود غرضی کا ثبوت، ورچوئل جلسے کرے: وفاقی وزرا
اسلام آباد، لاہور، جہلم (وقائع نگار خصوصی +نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزراء نے اپوزیشن کو کرونا وبا کے باعث ورچوئل جلسوں کا مشورہ دیدیا، ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ اپنے ذاتی مفاد کیلئے عوام کی جان کے درپے ہیں، کرونا پھیلاؤ مہم" پی ڈی ایم کی خودغرضی کا ثبوت ہے، مہلک وائرس سے زندگیوں کوخطرہ ہے۔ فواد چودھری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اپنے دو کلو گوشت کیلئے پوری گائے ذبح کرنا چاہتی ہے۔ نادانو اگر جلسوں سے بیماری پھیلتی ہے اور لوگوں کی زندگیاں داؤ پر لگتی ہیں تو کاہے کی سیاست۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اپوزیشن کو ورچوئل جلسے کرنے کا مشورہ بھی دیدیا۔ حماد اظہر کہتے ہیں یہ بیماری کے پھیلاؤ کو بڑھا کر کیا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں، اپوزیشن کی ’’کرونا پھیلاؤ مہم‘‘ اِن کی خودغرضی کا ثبوت ہے۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گزشتہ 15روز کے دوران پشاور اور ملتان میں وینٹی لیٹر پر جانیوالے کرونا مریضوں کی شرح 200 فیصد رہی۔ سیاسی قیادت کیلئے پیغام ہے کرونا خطرہ نہیں، کرونا سے زندگیوں کو خطرہ ہے۔ معاون خصوصی شہبازگل کا کہنا ہے کہ یہ لوگ اپنے ذاتی مفاد کیلئے عوام کی جان کے درپے ہیں، ہوشیار باش! عوام ان جعلسازوں کو پہچان لیں جو بغض عمران میں ہر حد کو پھلانگنے کے درپے ہیں۔ جب عمران خان سمارٹ لاک ڈاؤن کا مشورہ دے رہے تھے تب یہ سب سخت ترین لاک ڈاؤن کے حامی تھے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کارکنوں سے خطاب میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسوں کو وزیراعظم کبھی نہیں روکیں گے۔ پی ڈی ایم کا پشاور میں جلسہ عام تاریخ کا سب سے بڑا فلاپ شو ثابت ہوا۔ عوام نے بیروزگار ٹولے کو مسترد کر دیا۔ حکومت جلسے جلوسوں سے مرعوب ہو کر احتساب کا عمل نہیں روکے گی۔ قبل ازوقت انتخابات کی اپوزیشن کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ اپوزیشن اپنی ضد پر قائم رہتے ہوئے جلسے جلوس کا انعقاد کر رہی ہے۔