• news

او آئی سی کا کشمیر کاز کیلئے پھر غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

اسلام آباد (این این آئی) اسلامی تعاون تنظیم نے کشمیرکازکے لئے بار بار اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے متعدد قراردادیں منظور کی ہیں اور وہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے پرعزم ہے۔ او آئی سی کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت میں مسلسل بیانات جاری کرتا رہتا ہے۔ جوبھارت کے لئے مایوسی کا باعث ہے کے بارے میںاو آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس بلانے کے لئے پاکستان نے ہمیشہ قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی کرانے کے لئے او آئی سی کو اپنی کوششوں کو دوگنا کرنا چاہئے۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں بھارت کو بڑے پیمانے پر تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں اور اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ تنازعات کے باعث بھارت الگ تھلگ ہوکر رہ گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لئے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دہشت گردی کا نام دے رہا ہے۔ لیکن اپنے حقوق کے حصول کے لئے کشمیریوں کی تحریک ایک جائز جدوجہد ہے۔ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اورکشمیریوں کی جدوجہد کو دہشت گردی سے جوڑنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن