• news

لاکھوں جلسے کرلیں این آر او نہیں ملے گا،لاک ڈائون لگا تو ذمہ دار پی ڈی ایم ہوگی: عمران

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حزب مخالف این آر او کے حصول کی مایوس کن کوششوں میں نہایت سفاکیت سے عوام کی زندگیاں اور روزگار تباہ کررہی ہے۔ میں یہ واضح کر دوں چاہے  لاکھوں جلسے کرلیں، کوئی این آر او نہیں ملے گا۔ پاکستان میں پی ڈی ایم اپنے جلسوں کے تسلسل پر اصرار کے ذریعے عوام اور ان کے معاش کو جان بوجھ کر خطرے میں ڈال رہی ہے کیونکہ اگر اسی شرح سے کیسز بڑھتے رہے تو ہم مکمل لاک ڈائون کی جانب بڑھنے پر مجبور ہوں گے اور ذمہ دار پی ڈی ایم ہوگی۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں وبا کی دوسری لہرکے اعداد و شمار تشویشناک ہیں۔ گزشتہ 15روز میں وینٹی لیٹرز کے محتاج مریضوں کی تعداد میں ہونے والا اضافہ پشاور میں 200 فیصد، ملتان میں 200فیصد، کراچی میں 148فیصد، لاہور میں 114فیصد اور اسلام آباد میں 65فیصد ہے۔ اسلام آباد اور ملتان کے 70فیصد وینٹی لیٹرز زیر استعمال ہیں۔ فی الوقت پوری دنیا دوسری لہر کی زد میں ہے اور بیشتر ممالک مکمل طور پر بندشیں (لاک ڈائون) عائدکرچکے ہیں۔ میں قطعاً لاک ڈائون جیسا قدم نہیں اٹھانا چاہتا کیونکہ ہماری معیشت جس میں ٹھوس بحالی کے آثار فی الحال بالکل نمایاں اور واضح ہیں، اسکی زد میں آئے گی۔ بدقسمتی سے حزب مخالف این آر او جیسے ہدف کے تعاقب میں ہے چاہے عوام کی زندگیوں سے لیکر ملکی معیشت تک اسکی جو بھی قیمت ہو۔

ای پیپر-دی نیشن