بیرون ملک بہتر نمائندگی کیلئے گالفرز کی حوصلہ افزائی ضروری ہے،صدر علوی
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ گالف کے فروغ کے ساتھ ساتھ بیرون ملک بہتر نمائندگی کے لئے گالفرز کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ اتوار کو 47 ویں پاکستان اوپن گالف چیمپئن شپ کی تقریب تقسیم انعامات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ وہ خود بھی گالف کا شوق رکھتے ہیں، یہ ایک انتہائی دلچسپ کھیل ہے۔ انہوں نے چیمپئن شپ جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھیل میں جیتنے کی جستجو ٹیلنٹ کو آگے لے جانے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے پناہ جوش و جذبہ کی وجہ سے پاکستان نے ماضی میں سہولیات اور وسائل کی کمی کے باوجود ورلڈ کلاس ہاکی اور سکواش کے کھلاڑی تیار کئے۔ انہوں نے کہا کہ گالف کورسز کی بہتر گرین لیولنگ سے سیاحوں کو بھی راغب کیا جا سکتا ہے کیونکہ لوگ کھیل سے لطف اندوز ہونے کے لئے تھائی لینڈ اور دوبئی جاتے ہیں۔ صدر مملکت نے بتایا کہ وہ مارگلہ گالف کلب میں 18 ہولز کھیلتے ہیں اور کارٹ کی سہولت کی بجائے پیدل چلنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بات متاثر کن ہے کہ پاکستان میں تقریباً 15 ہزار گالفرز اور 48 گالف کورسز ہیں تاہم کورسز میں بہتر سہولیات کے ذریعے اس کھیل کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ صدر نے بچوں اور خواتین کے لئے گالف کی سہولیات متعارف کرانے کو بھی سراہا اور یاد دلایا کہ انہوں نے خود بھی اپنے بچوں میں اس کھیل کا شوق پیدا کرنے کے لئے ایک گالف سیٹ خریدا تھا۔ صدر نے اپنے خطاب کے آغاز میں لوگوں کو کووڈ 19 سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اعداد و شمار اور گراف سے پتہ چلتا ہے کہ کووڈ کی دوسری لہر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہئے۔ انہوں نے زور دیا کہ ماسک کے بغیر رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں اور ان حالات میں بزرگوں کا خاص خیال رکھا کریں۔