• news

طاقت کے بل پر جموں و کشمیر کے عوام سے انتقام لیا جا رہا: محبوبہ مفتی  

سری نگر(صباح نیو) بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ کشمیرمیں پی ڈی پی صدر اور سابق کٹھ پتلی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ مودی حکومت طاقت کے بل پر جموں کشمیر کے لوگوں سے انتقام لے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آئین اور جھنڈے ، جو ہمیں ملک کے آئین نے دیے ہیں، کو چھینا گیا اور اب آہستہ آہستہ ہم سے دوسری چیزیں چھینی جا رہی ہیں جس طرح کہیں ڈاکو آکر لوٹ مچاتے ہیں اسی طرح جموں وکشمیر کو بھی دو دو ہاتھوں لوٹا جا رہا ہے ۔ ایک ٹی وی چینل کے ساتھ ایک انٹریو کے دوران سابق وزیر اعلی نے کہا: ہم سے ہمارے آئین اور جھنڈے کو چھینا گیا، یہ ہمیں ملک کے آئین نے دیے تھے اور حکومت طاقت کے بل پر جموں و کشمیر کے لوگوں سے انتقام لے رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ڈاکو کہیں آتے ہیں اور لوٹ کھسوٹ کرتے ہیں اسی طرح جموں وکشمیر کو بھی دو دوہاتھوں لوٹا جا رہا تھا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ گپکار اعلامیہ کے تحت ہمارے اتحاد کا مقصد حصول اقتدار یا انتخابات نہیں ہیں بلکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو چھینی گئی شناخت کی بحالی کے لئے لڑنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کا تعلق ہے تو ہم فرقہ پرست طاقتوں اور ان کے حواریوں کو دور رکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ سے وابستہ پارٹیاں اپنی ساکھ بچانے کی بجائے جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی کے لئے برسر میدان ہیں۔انتخابات میں حصہ لینے پر پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: میں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ہم انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے ، میں کہتی ہوں کہ میں خود تب تک انتخابات میں حصہ نہیں لوں گی جب تک ہمارے آئین اور جھنڈے کو بحال نہ کیا جائے ۔

ای پیپر-دی نیشن