حکومت جو مرضی کر لے ،ملتان میں جلسہ ہر صورت ہوگا: یوسف رضا
ملتان( سپیشل رپورٹر) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پشاور میں بغیر اجازت کے جلسہ ہوا ہے ، ملتان میں بھی پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر 30 نومبر کا جلسہ ہر حال میں ہو گا ، ،حکومت سے کہنا چاہتا ہوں آپ راستے بند کریں گے ایم این ایز کو گرفتار کریں گے اس سے آپکی بہت بدنامی ہوگی ، پیپلز پارٹی ملتان جلسے کو کامیاب کرا کے رہے گی ، تفصیل کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ملتان کے 30 نومبر کے جلسے کے لیئے انتظامیہ کو درخواست دے چکے ہیں ، جن کا کہنا ہے کہ ابھی درخواست پر رائے لی جا رہی ہے ، اور طریقہ کار مرتب کیا جا رہا ہے ، دوسری جانب پیپلز پارٹی سمیت پی ڈی ایم کے رہنماوں اور کارکنوں کی لسٹیں تیار کی جا رہی ہیں ، ڈرانے سے جلسہ نا تو منسوخ ہو گا اور نا ہی اس کی تاریخ آگے بڑھے ، پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر 30 نومبر کو جلسہ ہر صورت ہو گا ، سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے تو پشاور جلسے کی بھی اجازت نہیں دی تھی وہاں جلسہ ہوا ، اور ملتان میں بھی جلسہ ضرور کریں گے ، عوام کو لٹکائیں ، لاٹھیاں ماریں ، جیلوں میں بند کریں لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ، اگر پی ڈی ایم کے رہنماوں کو جیلوں میں ڈالا جاتا تو کیا وہاں کورونا نہیں پھیلے گا عمران خان سے کوئی این آر او نہیں مانگ رہا ، ہر محکمے کا وزیر کورونا پر بات کر رہا ہے ، اپنی وزارت کی کسی کو فکر نہیں۔دریں اثا ملتان میں پی پی پی رہنما عرفان انصاری کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومت کا ہر وزیر کورونا وائرس پر بات کر رہا ہے، کورونا کے مسئلہ پر صرف وزیر صحت اور اطلاعات کو بات کرنی چاہیئے۔ حکومت ایسا کرے کہ فردوس عاشق اعوان ہمیں دے دیں وہ ہماری بات بھی سنیں اور حکومتی مؤقف بھی عوام کے سامنے رکھتی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کو ملتان میں بھی پی۔ ڈی۔ ایم کا جلسہ ہو گا، عوام کی طاقت کے آگے کوئی کھڑا نہیں ہو سکتا۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ گیلانی ہاؤس میں 30نومبر کو قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسہ کے انتظامات کی تیاریوں کے سلسلے میں پی ڈی ایم رہنماؤں کا اجلاس زیر صدارت چیف کوآر ڈینیٹر سید علی قاسم گیلانی منعقد کیا گیا جس میں پی ڈی ایم کے سینئر رہنماؤں عبد الرحمان کانجو، خواجہ رضوان عالم، پیر فیاض شاہ، نواب زادہ افتخار احمد خان، مولانا عبد الرحیم گجر، شیخ طارق رشید، عبد القادر شاہین، ڈاکٹر جاوید صدیقی،ڈاکٹر اشرف قریشی،ایاز قاسمی، سید سالم شاہ، سردار تیمور شاہ، خالد محمود قریشی، لیاقت چوہان، حسن معاویہ ودیگر نے شرکت کی۔