ملک کو یکجہتی کی ضرورت‘ اپوزیشن انتشار پیدا کر رہی ہے: گورنر
لاہور(نیوزرپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے جلسوں سے خوفزدہ نہیں\ کرونا کے پھیلائو کی وجہ سے ان کو جلسوں سے باز رہنے کا کہہ رہے ہیں۔ اپوزیشن چاہتی ہے ملک میں شفاف احتساب کا عمل رک جائے مگر ایسا کبھی نہیں ہوگا۔ حکومت کیلئے اس وقت اپوزیشن نہیں مہنگائی، کر پشن اور گورننس کے معاملات چیلنجز ہیں جن سے نمٹنے کیلئے ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے لیکن اپوزیشن انتشار اور فساد پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور پاکستان ایسے حالات کاکسی صورت متحمل نہیں ہوسکتا۔ کرونا سے بچائو کے لیے ایس او پیز پر عمل کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ وہ گورنرہائوس میں تحریک انصاف کے مختلف اضلاع سے آنیوالے وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر نے کہا کہ آج بھی افواج پاکستان اور حکومت ایک پیج پر ہیںاور تمام ادارے ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے ملکر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسوں کی وجہ سے الحمد للہ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے۔ حکومت مہنگائی سمیت دیگر مسائل بکے حل کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک کو مہنگائی سے نجات دلانے کیساتھ ساتھ ملک کو معاشی طور پر بھی مضبوط بنائے گی۔