• news

ساہیوال میں ایک ہی دن 2خواتین سمیت 5افراد کی خود کشی

قصور‘ ساہیوال‘ چکوال (نمائندگان نوائے وقت+  این این آئی)  ساہیوال میں ایک ہی دن مختلف تنازعات پر 2  خواتین سمیت 5  افراد، قصور میں جھگڑے پر نوجوان  جبکہ چکوال میں مرضی کیخلاف رشتے پر 17  سالہ لڑکی نے خودکشی کر لی۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق  چک87۔ سکس۔ آر کے غلام محمد کے40  سالہ بیٹے محمد احد نے گھریلو تنازعہ پر گندم میں رکھنے والی گو لیاں کھا کر خود کشی کر لی۔ حیات آباد کے محمد علی کے20 سالہ بیٹے اشرف نے گھریلو جھگڑے پر زہر پی کر خودکشی کر لی۔ عارف والا سے مہمان آئے ہوئے لیاقت کے 20سالہ بیٹے اقبال نے گھریلو تنازعہ پر زہر پی کر خود کشی کر لی۔ دیپالپور بازار ساہیوال کے اللہ دتہ کی30 سالہ بیوی سمیرا نے خاوند سے جھگڑ کر کالا پتھر پی کر خودکشی کر لی۔ چک 105۔نائن۔ایل میں محمد عارف کی 18سالہ بیوی اقرا بی بی نے خاوند سے جھگڑ کر کالا پتھر زہر پی کر خودکشی کر لی۔ پانچوں کو سول ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئے۔ چکوال سے این این آئی کے مطابق  نواحی قصبہ اوڈھوال میں  17سالہ  لڑکی نے گھریلو جھگڑے پر خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔  بتایا جاتا ہے کہ لڑکی کا رشتہ جہاں کیا جا رہا تھا وہ اس سے خوش نہیں تھی اور دلبرداشتہ ہوکر اس نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔  قصور  سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق  راجہ جنگ میں گھریلو جھگڑے پر نوجوان  نے خودکشی کر لی۔ بائیس سالہ وقاص کا کسی بات پر  اپنے گھر والوں سے جھگڑا ہوگیا۔ جس پر اس نے  گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں اور دم توڑ گیا۔

ای پیپر-دی نیشن