• news

 کسانوں کیلئے فصل بیمہ سکیم کادائرہ کار 27 اضلاع تک بڑھا دیا گیا

ملتان( خبر نگار خصوصی) حکومت پنجاب کسانوں کیلئے فصل بیمہ (تکافل) سکیم کا دائرہ کار ربیع 2020-21 میں کاشتکاروں کے مفاد میں 27 اضلاع تک بڑھایا گیا ہے۔ اس ضمن میں ضلع شیخوپورہ، ساہیوال، لودھراں، رحیم یار خان، فیصل آباد، ملتان، مظفر گڑھ، ناروال، راجن پور، بھکر، ڈی جی خان، قصور، خانیوال، لیہ، منڈی بہاؤالدین، بہاولنگر، بہاولپور،  اوکاڑہ، وہاڑی، خوشاب، جھنگ، چنیوٹ، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی اور حافظ آباد کے گندم، سورج مکھی اور کینولہ کے کاشتکاروں کو موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور ٹڈی دَل کے ازالہ کے لئے بیمہ پروگرام کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سکیم کے تحت 5 ایکڑ اراضی کے کاشتکاروں کے لئے بیمہ کے پریمیم پر 100 فیصد سبسڈی جب کہ 5 سے 25 ایکڑ کے کاشتکاروں کو 50 فیصد سبسڈی دی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے آن لائن سسٹم بھی متعارف کروایا گیا ہے۔ فصلوں کی بیمہ (تکافل) سکیم کے اجراء￿  کا مقصد کاشتکاروں کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ تحصیل کی سطح پر پیداوار میں کمی / نقصان کی صورت میں متعلقہ انشورنس کمپنی تمام بیمہ شدہ کاشتکاروں سے جنوری میں رابطہ کرے گی اور نقصان کے ازالہ کی پابند ہوگی۔ یاد رہے، پنجاب فصل بیمہ کا اطلاق صرف تحصیل کی سطح پر حاصل ہونے والے پیداوار کے اعداد و شمار پر ہو گا جو محکمہ کراپ رپورٹنگ سروس جاری کرے گا۔ اس ضمن میں خواہشمند کاشتکار زراعت (توسیع/کراپ رپورٹنگ) یا http://cropinsurance.punjab.gov.pk پر 30 نومبر 2020 تک مفت رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ مزید معلومات کے لئے کاشتکار دفتری اوقات میں فون نمبر 042-99330381 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن