جوبائیڈن کی صدارت میں تعلقات متاثر نہیں ہوں گے: سعودی عرب
جدہ (انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی وزیر مملکت برائے امورخارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ ان کا ملک توقع رکھتا ہے کہ جو بائیڈن کی صدارت میں دونوں ملکوں کے تعلقات بالکل متاثر نہیں ہوں گے۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این پر بات کرتے ہوئے الجبیر نے ایسے تاثرات کو رد کیا کہ بائیڈن کے دور صدارت میں واشنگٹن اور ریاض کے تعلقات بگڑ سکتے ہیں۔ ان کے بقول امریکی صدر سے ایک ’دوست‘ کے طور پر مکالمت ہوتی ہے۔ وہ چاہے ڈیموکریٹ ہو یا ری پبلکن، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ یہ امر اہم ہے کہ ٹرمپ کے دور میں سعودی عرب کے انسانی حقوق سے متعلق متنازعہ ریکارڈ پر خاموشی اختیار کی جاتی رہی ہے تاہم نو منتخب صدر بائیڈن کئی معاملات پر ریاض پر تنقید کر چکے ہیں۔