• news

پنجاب بار کونسل انتخابات: لاہور کے 95 سمیت 399 امیدوار میدان میں آگئے

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) پنجاب بار کونسل کی 75 سیٹوں کیلئے 399 امیدوار میدان میں آگئے۔ لاہور سے 16 سیٹوں کیلئے 95 امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ کا امکان ہے۔ پنجاب بار کونسل کے انتخابات کیلئے صوبہ بھر کے ایک لاکھ 26 ہزار سے زائد وکلا 75 ممبران پنجاب بار کونسل کا انتخاب کریں گے۔ انتخابی مہم عروج پر پہنچ گئی۔ وکلا کے دو بڑے گروپوں حامد خان گروپ اور عاصمہ جہانگیر گروپ روایتی طور پر مد مقابل ہیں جبکہ بعض آزاد امیدوار بھی بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی وکلا تنظیموں نے بھی اپنے حامی امیدواروں کی حمایت میں جوڑ توڑ شروع کردیا ہے۔ قصور سے11، شیخوپورہ سے 7، ننکانہ صاحب سے 5، گوجرانوالہ سے 15، فیصل آباد سے 18، چنیوٹ سے 5، جھنگ سے 5، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے 6 امیدوار حتمی فہرست میں شامل ہیں۔ امیدواروں کی طرف سے دعوتوں کا سلسلہ بھی عروج پر ہے۔ یاد رہے کہ پنجاب بار کونسل کے ہر پانچ برس کے بعد ہونے والے انتخابات اس مرتبہ ایک سال کی تاخیر سے 28 نومبر ہونگے۔ نو منتخب ارکان کے ناموں کا اعلان 8 دسمبر کو کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن