• news

30سال بعد فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری بحال30ہزار نئی لومز لگنے کا امکان

فیصل آباد (آن لائن)وزیراعظم کے خصوصی ٹیکسٹائل پیکج سے فیصل آباد میں 1990ء کے بعد پہلی بار ٹیکسٹائل انڈسٹری مکمل طور پر بحال ہوگئی ہے۔ 50 ہزار بند پاور لومز چل پڑیں ہیں جبکہ مزید 30 ہزار نئی لومز لگنے کے امکانات بھی روشن ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن رانا اظہر وقار نے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینئر وائس چیئرمین جواد اکرام کاہلوں، وائس چیئرمین محمد اجمل قصوری، رانا عامر رضا، اعجاز ناگرہ، رانا خرم اخلاق، اکرم واہلہ، چوہدری جاوید صادق، خالد چیمہ، چوہدری محمد نواز اور دیگر سینئر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رانا اظہر وقار نے کہا کہ پاکستان میں ایکسپورٹرز کو بڑی تعداد میں غیر ملکی آرڈرز مل رہے ہیں جس سے ٹیکسٹائل سیکٹر کی بحالی یقینی ہوگئی ہے۔ 50 ہزار پاور لومز کے چلنے کی وجہ سے 2 لاکھ سے زائد مزدوروں کی کمی کا سامنا ہے ان 2 لاکھ مزدوروں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوگئے ہیں۔ ایکسپورٹ بہتر ہونے، صنعت کیلئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی جیسے اقدامات کی بدولت فیصل آباد میں بند پاور لومز کے چلنے کے ساتھ ساتھ، مزید 30 ہزار پاور لومز لگنے کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن