• news

پاکستان میڈیکل کمیشن نے طلبہ کیلئے نصاب کو حتمی شکل دیدی

 اسلام آباد(قاضی بلال؍خصوصی نمائندہ)پاکستان میڈیکل کمشن نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ایم بی بی ایس کے طلبہ و طالبات کیلئے نصاب کو حتمی شکل دیدی اس سے قبل نصاب کے حوالے سے مسلسل احتجاج کو پی ایم سی نے خاطر میں نہیں لایا تھا بالآخر سندھ ہائیکورٹ کی مداخلت کے بعد پی ایم سی کو رجوع کرنا پڑا  اور سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیا نصاب تیار کر لیا ہے جو پورے ملک پر لاگو ہوگا ۔ذرائع کے مطابق انتیس نومبرکو امتحان لینے کا امکان ہے۔اس حوالے سے ایک دروز میںباقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا ۔نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل اکیڈمک بورڈکے اجلاس میں اس حوالے سے ایم ڈی کیٹ کے امتحان اور نصاب اور پرچوںکاجائزہ لیا گیا ۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکساں موضوعات کی بنیاد پر ایم ڈی کیٹ کے نصاب کا تعین کیا جائے گا ۔ ایم ڈی کیٹ کا امتحان ملٹی پل چوائس کے دو سو سوالات پر مشتمل ہوگا جس میں بائیالوجی کے اسی سوالات ٗ کیمسٹری کے ساٹھ ٗ فزکس کے ساٹھ انگریزی کے سوالات شامل ہونگے۔بورڈ نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اعلان کردہ گزشتہ نصاب میرٹ کے تمام تقاضوں کو پورا کرتا ہے اور نصاب تمام اہم پہلوئوں کے عین مطابق ہے جس سے کسی صوبے سے تعلق رکھنے والے ایم ڈی کیٹ کے خواہشمندطلباء و طالبات کی حق تلفی نہیں ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن