شہباز شریف ، حمزہ کی 2ہفتے کیلئے پیرول پر رہائی ، ڈی سی لاہور کو درخواست
لاہور +اسلام آباد(نیوز رپورٹر+وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کیلئے درخواست ڈپٹی کمشنر لاہور کو جمع کروا دی ہے۔ درخواست میں 2 ہفتے کی پیرول کی استدعا کی گئی اور موقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف سے پورے ملک سے لوگوں نے تعزیت کرنے آنا ہے، 2 ہفتے کی پیرول کی درخواست کی گئی ہے۔ ماں کے دنیا سے رخصت ہو جانے سے بڑا اور صدمہ کوئی نہیں، اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کے ساتھ اس غم میں شریک ہونے کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ درخواست کے بعد پنجاب حکومت نے نواز شریف کی والدہ شمیم اختر کے انتقال کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے کابینہ کمیٹی برائے داخلہ نے درخواست وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کو پہنچا دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ کو 5 روز کے لئے پیرول پر رہائی دی جائے گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب 2 روز سے زائد کا پیرول دینے کا مجاز نہیں ہے۔ لیگی رہنماؤں کی رہائی کے معاملے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں درخواست کا جائزہ لیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ کے حکام وزیراعلیٰ کو پیرول سے متعلق رولز کے بارے بریف کریں گے۔ عثمان بزدار رولز کا جائزہ لینے کے بعد پیرول پر رہائی سے متعلق حتمی فیصلہ کریں گے۔ علاوہ ازیں رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شریف فیملی اور پاکستانیوں کیلئے بیگم شمیم کا انتقال افسوسناک ہے۔ ماں کی دعا کی ضرورت تو انبیائے کرام کو بھی رہی ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف دکھ میں مبتلا ہیں۔ پوری شریف فیملی بکھری ہوئی ہے اور بدترین انتقام کا سامنا کر رہی ہے۔ حکومت کو اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ کو رہا کر دے۔ دونوں رہنماؤں کو جعلی کیسز بنا کر جیل میں رکھوایا گیا ہے۔ لاکھوں افراد نے تعزیت کرنی ہے، ایک یا دو روز میں اتنے افراد تعزیت نہیں کر سکتے۔ اس موقع پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی گھر میں موجودگی ضروری ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ امید ہے آج بیگم شمیم اختر کی میت لندن سے روانہ کردی جائے گی۔علاوہ ازیں بیگم شمیم اختر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ آج ملنے کا امکان ہے۔ فیملی ذرائع کے مطابق ڈیتھ سرٹیفکیٹ ویسٹ منسٹر کونسل کا کورونر جاری کریگا۔ کورونر میت پاکستان لے جانے کی اجازت کا سرٹیفکیٹ بھی جاری کرے گا۔ کووڈ گائیڈ لائنز کے سبب نماز جنازہ میں 30 افراد کی شرکت ہی ممکن ہوگی۔اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بیگم شمیم اختر کی میت کی روانگی جمعرات تک متوقع ہے۔ ضروری کاغذات آج تیار ہونے کا امکان ہے۔بیگم شمیم کی نماز جنازہ بدھ کو لندن میں ادا کی جائے گی۔ بیگم شمیم اختر کی میت کو پاکستان روانگی سے قبل نمازجنازہ ریجنٹ پارک مسجد میں ادا کی جائے گی۔ نوازشریف کی ہمشیرہ بھی والدہ کی میت کے ساتھ پاکستان آئیں گی۔