آخری نو کاؤنٹیز بھی کلیئر، ہم نے غربت کا مکمل خاتمہ کردیا، چین کا اعلان
بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) دنیا کی سب سے بڑی آبادی والے ملک چین نے اپنے ملک سے غربت کے مکمل خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چین کے صوبے گائڑو کی آخری 9 کاؤنٹیز کے لوگوں کو بھی غربت کی لکیر سے باہر نکال لیا گیا ہے۔ چینی حکومت نے سال 2020ء تک اپنے ملک سے غربت کے خاتمے کا عزم کیا تھا جبکہ اگر ایک سال پہلے تک کی بات کی جائے تو چین کی 52 ایسی کاؤنٹیز باقی رہ گئیں تھیں جہاں لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے تھے۔ چینی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق چین نے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران اپنے ملک سے تقریباً 85 کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکالا اور عالمی سطح پر یہ غربت کو کم کرنے کے لیے 70 فیصد حصہ ہے۔ چین کی بہترین حکمت عملی سے دیہات میں رہنے والی غریبوں کی تعداد سال 2012ء میں 9 کروڑ 89 لاکھ تھی جو کم ہوکر سال 2019ء میں 55 لاکھ تک رہ گئی ہے۔