• news

نیب کاروائیوں سے تاجر برادری کے متاثر ہونے کا تاثر غلط ، ملز مالکان سرکاری نرخ پرآٹا فراہم کریں: جاوید اقبال

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے بزنس کمیونٹی کے کردار کا معترف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضاکی قیادت میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں سابق چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن، محمد ریاض، سابق وائس چیئرمین، محمد جمیل، سیکرٹری جنرل محمد منیر اور ملک غلام مصطفیٰ عارف شامل تھے۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا کہ نیب بزنس کمیونٹی کے سیلز اور انکم ٹیکس سے متعلق مقدمات کی پیروی نہیں کر رہا اور موجودہ سیلز اور انکم ٹیکس سے متعلق تمام مقدمات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو قانون کے مطابق کارروائی کیلئے بھیجے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان، بہاولپور اورڈیرہ غازی خان ڈویژن کے فلور ملز مالکان کو جاری کیے گئے نوٹس پر تاحکم ثانی عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔ کیونکہ اب یہ معاملہ متعلقہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔ جبکہ اینٹی کرپشن پنجاب بھی اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ چیئرمن نیب زاتی حیثیت میں مقدمات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملز مالکان سرکاری نرخوں پر عوام کو آٹا فراہم کریں۔ انہوں  نے کہا کہ یہ صرف افواہیں ہیں نیب کی کارروائیوں کے باعث بزنس کمیونٹی متاثر ہو رہی ہے، یہ تاثر درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے مختلف احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 1210ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔ جن میں سے دو فیصد بزنس کمیونٹی کے خلاف ہیں۔ جس سے نیب کے خلاف اس تاثر کے پروپیگنڈہ کی نفی ہوتی ہے۔ بزنس کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی خوشحال ہو گی تو ملک خوشحال ہو گا۔ نیب قانون کے مطابق اپنا فرض ادا کر رہا ہے۔ چئیر مین نیب نے بدعنوانی سے متعلق شہریوں کی شکایات سننے کے لئے ہر ماہ کی آخری جمعرات کو کھلی کچہری لگانے کا فیصلہ کیا۔ نیب نے نہ صرف سینکڑوں شہریوں کی شکایات سنی ہیں بلکہ نیب کو ہزاروں شکایات موصول ہوئی ہیں جو کہ 2019کے مقابلہ میں دوگنا ہیں۔ نیب ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی شکایات سیل قائم کئے ہیں۔ وفد نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے چئیرمن نیب جسٹس جاوید اقبال کی ذاتی کاوشوں کو سراہا اور نیب پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن