پاکستان ،عمان میں ساتواں مشاورتی ورچوئل اجلاس: تجارتی، دفاعی و باہمی تعلقات پر غور
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان اورعمان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں اجلاس ورچوئل طریقے سے ہوا۔ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ عمان کی طرف سے انڈر سیکریٹری شیخ خلیفہ بن علی بن عیسی الحارثی نے سربراہی کی۔ سیاسی، معاشی، تجارتی، دفاعی اور عوامی روابط سمیت دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلووں پرغور کیاگیا۔ اعلی سطح پر مسلسل رابطوں کے علاوہ مشترکہ وزارتی کمشن اور مشترکہ بزنس کونسل جیسے ادارہ جاتی طریقہ ہائے کار کو بھرپور بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیاگیا۔ کثیرالقومی اداروں میں باہمی تعاون سے متعلق امور پر غور کیاگیا۔ اقوام متحدہ، اوآئی سی اور دیگر عالمی فورمز پر حمایت کرنے پر پاکستان نے عمان کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستان نے غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، مقبوضہ خطے کی متنازعہ حیثیت اور اس میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے غیرقانونی ہتھکنڈوں کے بارے میں آگاہ کیا۔افغان امن عمل میں پاکستان کی مثبت کاوشوں کو اجاگر کیاگیا۔ مغربی ایشیااور مشرق وسطی میں سلامتی اور امن کے معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔