چودھری شجاعت، مونس الٰہی، سالک حسین کی بھی تعزیت، پرویزالٰہی کا دانیال عزیز کو فون، اظہار افسوس
شکرگڑھ (نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر و بزرگ سیاستدان انور عزیز چوہدری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ پیر آف علی پور شریف نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان، احسن اقبال، سابق سپیکر امیر حسین، ارمغان سبحانی، عابد کوٹلہ سمیت اراکین پارلیمنٹ، مذہبی رہنمائوں، وکلاء، صحافیوں نے شرکت کی۔ انور عزیز چوہدری کو ان کی رہائش گاہ سے متصل احاطہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ سابق وفاقی وزیر انور عزیز چودھری کی نماز جنازہ ان کی رہائش گاہ بدوال موڑ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ پیر آف علی پور شریف سید ظفراقبال شاہ نے پڑھائی۔ انور عزیز چوہدری کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں انکی رہائش گاہ سے متصل احاطہ میں ان کی جانب سے نشاندہی کی گئی جگہ پر سپرد خاک کر دیا گیا۔ سابق وفاقی وزیر، تحریک پاکستان کے کارکن، اولمپیئن انور عزیز چوہدری لیگی رہنما دانیال عزیز کے والد، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان کے چچا اور مہناز اکبر ایم این اے کے سسر تھے۔ نماز جنازہ میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان، جنرل سیکرٹری (ن) لیگ احسن اقبال، سابق سپیکر چوہدری امیر حسین، ایم این اے ارمغان سبحانی، ایم این اے عابد رضا کوٹلہ، سابق وزیر مملکت چوہدری طارق انیس، سابق وفاقی مشیر انوارالحق چوہدری، سابق فزیو قومی کرکٹ ٹیم پاشا عبدالرزاق، سابق ایم این اے میاں رشید، سردار شاہ جہاں یوسف، افتخار برسہ، حافظ خالد ولید، اراکین پنجاب اسمبلی مولوی غیاث الدین، رانا منان خان، بلال اکبر سابق ایم پی اے اویس قاسم خان، ممبر کشمیر کونسل صدیق بھٹلی، محمد حسین سرگالہ سمیت وکلاء، صحافیوں، عوامی نمائندوں، اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ لوگوں کی بڑی تعداد دانیال عزیز سے اظہار تعزیت کرتی رہی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ علاوہ ازیں خواجہ محمد آصف، وفاقی وزرا فواد چوہدری، شفقت محمود نے چوہدری انور عزیز کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مزید براں مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی اور سالک حسین نے سابق وفاقی وزیر چودھری دانیال عزیز سے ان کے والد چودھری انور عزیز کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے دانیال عزیز سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں والد سے بڑا کوئی سہارا نہیں ہوتا۔ انہوں نے ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ عوامی مسائل کو حل کرنے کو ترجیح دی۔ ان کی پارلیمانی و سیاسی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مسلم لیگی قائدین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور آپ سب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔