کیٹی بندر میں پاک بحریہ کا مفت میڈیکل ‘ آئی کیمپ
کراچی(آئی این پی) ساحلی علاقوں میں صحت کے معیار کو بہتر بنانے کی پاک بحریہ کی کاوشوں کے تسلسل اور بالخصوص کرونا وباء کے تناظر میں پاکستان بحریہ نے روٹری کلب انٹرنیشنل، المصطفٰی ٹرسٹ اور ساحل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کیٹی بندر،سندھ میں مفت میڈیکل اور آئی کیمپ قائم کیا۔آنکھوں کے اسپیشلسٹ، میڈیکل اسپیشلسٹ اور جنرل ڈیوٹی میڈیکل آفیسرز پر مشتمل ڈاکٹروں کی ایک قابل ٹیم نے جدید تشخیصی آلات پر مریضوں کا معائنہ کیا اور مفت مشاورت فراہم کی۔ کیمپ میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے علاوہ معمولی سرجیکل اور ڈینٹل آپریشنز بھی کیے گئے۔مزید برآں، مریضوں کو مختلف متعدی امراض اور ان کے انسداد کی تدابیر بالخصوص کرونا کی وباء کے بارے میں مکمل طور پر آگاہی فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ، مریضوں میں ذاتی صحت و صفائی، بچوں کی صحت اوردیکھ بھال اور رہائشی علاقوں کی صفائی ستھرائی کے بارے میں شعور اجاگر کیا گیا۔پاک بحریہ کی جانب سے قائم کردہ میڈیکل / آئی کیمپ سے مختلف بیماریوں میں مبتلا خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد مستفید ہوئی۔پاک بحریہ ساحلی پٹی اور ملحقہ علاقوں میں معیاری طبی معالجے کی مسلسل فراہمی کے لئے پر عزم ہے اور حالیہ میڈیکل کیمپ کا قیام پاکستان بحریہ کے اسی عزم کا مظہر ہے۔