• news

 اوگرا کی گیس قیمت میں فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے پر سماعت مکمل

اسلام آباد(قاضی بلال؍خصوصی نمائندہ) اوگرا نے سوئی سدرن کے لیے گیس کی قیمت میں78 روپے 95 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے پر سماعت مکمل کرلی ہے، اوگرا درخواست کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کرے گا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی مالی سال 2020-21کی مالی ضروریات  کے پیش گیس کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے سماعت قائمقام چئرمین اوگرا نورالحق کی زیر صدارت ہوئی ۔کمپنی نے گیس کی اوسط بنیادی قیمت 743 روپے 25 پیسے فی یونٹ سے بڑھا کر 882روپے 25پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کی درخواست تھی۔ سوئی سدرن نے کاسٹ آف گیس کی مد میں 627روپے 72پیسے فی ایم ایم بی ٹی یواوردرآمدی ایل این جی گیس کی کاسٹ آف سروس کی مدمیں 10 روپے 66 پیسے اضافہ مانگاتھا۔ کمپنی کی جانب سے گیس کی ترسیل اور تقسیم کے اخراجات کی مد میں 65 روپے 97 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔سماعت کے دوران شراکت داروں کی جانب سے تجویز دی گئی کہ دوگیس کمپنیوں کو چار میں تقسیم کردیاجائے ایریا کم ہونے سے کمپنیاں بہتر انداز میں کام کرسکتی ہیں اوگرا کو تجویز دی گئی کہ درآمدی ایل این جی  کے لئے مختلف پالیسی ہونی چاہیے، قائمقام چئرمین اوگرا نورالحق نے سماعت مکمل ہونے کے بعد کہاکہ اتھارٹی کمپنی کی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد فیصلے کرے گی اور فیصلے سے قبل شراکت داروں کی تجاویز کو بھی مدنظر رکھاجائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن