ہم سے مشاورت نہیں کی گئی، وفاق المدارس کا مدرسے بند نہ کرنے کا اعلان
لاہور/ پشاور(خصوصی نامہ نگار+ آئی این پی) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد حنیف جالندھری نے اعلان کیا کرونا وبا میں دینی مدارس بند نہیں کریں گے۔ حنیف جالندھری نے جامعہ زبیریہ پشاور کا دورہ کیا اور طالب علموں سے ملاقات کی۔ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری کی اتحاد تنظیمات مدارس کے دیگر مرکزی قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ زبیریہ پر حملہ تمام مدارس پر حملہ ہے اور یہ ایک ملی سانحہ ہے، وزیراعظم عمران خان کو خود آنا چاہئے تھا، حکومتی رویے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ ہم اسلام کے پہرے دار ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ مدارس کو مضبوط کرے، دینی مدارس کے کردار کو محفوظ رکھنے کیلئے اپنی جہدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس سانحے کے پس پردہ کرداروں کو گرفتار کیا جائے، بیرونی سازش کہنے کا حکومتی بیان ناکافی ہے اور اقدامات کی ضرورت ہے۔ کرونا ایس او پیز کے تحت مدارس بند نہیں ہونگے کیونکہ تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے میں وفاق المدارس سے مشاورت نہیں کی گئی۔ تحریک انصاف کی حکومت نااہل ہے۔ دریں اثنائوفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے ترجمان نصرت علی شاہانی نے واضح کیا ہے کہ ملحقہ دینی تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ وفاق المدارس الشیعہ کے زیر اہتمام طلباء و طالبات کے ضمنی امتحانات 23 نومبر سے جاری ہیں۔ جو 26۔ نومبر تک جاری رہیں گے۔ ذمہ داراداروں کو اس طرح کی افواہ سازی کو روکنے کے اقدا مات کرنے چاہئیں۔