نواز شریف سے شجاعت ، پرویز الٰہی ، زرداری کا ٹیلی فونک رابطہ، والدہ کے انتقال پر تعزیت
اسلام آباد +لندن +لاہور (وقائع نگار خصوصی خصوصی+عارف چودھری+ نامہ نگار+نیوز رپورٹر) نواز شریف‘ چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ نواز شریف نے چودھری شجاعت حسین سے ان کی صحت بارے میں دریافت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلد صحت یابی عطا کرے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے نواز شریف سے ان کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ آپ کی والدہ سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی‘ وہ انتہائی ملنسار اور شفیق خاتون تھیں اور ہمیشہ بہت پیار سے پیش آتی تھیں۔ سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ آپ کی والدہ تمام خاندان کیلئے ایک شفیق سائبان تھیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے میاں نواز شریف کی صحت بارے دریافت کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ مجھے گردوں کا انفیکشن ہے۔ نواز شریف نے چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی سمیت ان کے تمام اہل خانہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی سالک حسین اور شافع حسین بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں سابق صدر آصف زرداری نے نواز شریف کو ٹیلی فون کیا ہے اور ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ماں کا انتقال اولاد کیلئے بڑا سانحہ ہوتا ہے ۔ علاوہ ازیں بیگم شمیم اختر کی میت دو سے تین روز میں لندن سے لاہور پہنچ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نوا شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی میت لندن سے لاہور چند روز میں پہنچے گی۔ ن لیگی قائدین کی طرف سے مرحومہ کی میت جمعرات یا جمعہ کو لاہور پہنچانے کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ قطر ائیر ویز کے لئے ڈاکیومینٹس مکمل کر کے جمع کرا دیئے گئے ہیں۔ پنجاب کابینہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 5 دن کیلئے پیرول پر رہائی کی تجویز منظور کر لی۔ محکمہ داخلہ نے تھرو سرکولیشن پنجاب کابینہ سے منظوری لی۔ تھروسرکولیشن پیرول پر رہائی کی سمری وزیراعلیٰ کو بھجوا دی گئی۔وزیراعلیٰ سردار عثمان کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کیا گیا۔ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے کی جانب سے دی گئی درخواست پر غور کیا گیا اور انسانی بنیادوں پر ان کی رہائی کی منظوری دی۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بیگم شمیم اختر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ مل گیا ہے۔ امید ہے لندن میں نماز جنازہ جمعرات کو ہوگی اور بیگم شمیم اختر کی میت ہفتے کو پاکستان پہنچا دی جائے گی۔ لندن میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے انتظامات میں تاخیر ہو رہی ہے۔ لاک ڈاؤن کے باعث مسجد میں محدود افراد نماز جنازہ میں شرکت کر سکیں گے۔ نوازشریف کو بدستور گردے میں تکلیف ہے۔