متعدد وارداتیں،سندر ،الیکٹرک سٹور سے ایک کروڑ80لاکھ کی نقدی و اشیا چوری
لاہور( نامہ نگار)لاہور کے مختلف علاقوں میںڈاکوئوںاور چوروںنے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندرکے علاقے میں3 ڈاکوؤں نے بین الاقوامی برگر چین کے ریسٹورنٹ میں گھس کر گن پوائنٹ پر 10 لاکھ روپے نقدی لوٹ لی اور فرار ہوگئے ہیں۔گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں ڈاکوؤں نے ہربنس پورہ کے علاقے سے 7 لاکھ، ستوکتلہ سے 6 لاکھ، وحدت کالونی سے ساڑھے5 لاکھ، مزنگ سے 5لاکھ، ہڈیارہ سے 4 لاکھ، ہڈیارہ کے علاقے سے 2 لاکھ 10ہزارروپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔لوٹ مار کی دیگر وارداتوں میں ڈاکوؤں نے شادباغ سے 90 ہزارروپے اور موبائل فون،مصطفی آباد میں 61ہزارروپے اور موبائل فون، ریس کورس میں35 ہزارروپے اورموبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ہیں۔سندر کے علاقے ملتان روڈ لوہاراں والا کھوہ کے قریب چوروں نے مقصوداحمد کے الیکٹرک سامان کے گودام کا تالہ توڑ کر، 35لاکھ روپے نقدی، 92لاکھ روپے مالیت کاالیکٹرک سامان، 50لاکھ روپے مالیت کا ٹرک اور 3لاکھ 50ہزارروپے مالیت کا رکشہ چوری کر لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ پولیس نے گودام کے مالک مقصود احمد کی درخواست پر نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، تاہم چوروں کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا ہے۔چوروں نے جنوبی چھاؤنی اوروحدت کالونی کے علاقوں سے دو کاریں جبکہ کاہنہ،مصری شاہ، سندر،لاری اڈہ اور ٹبی سٹی کے علاقو ںسے پانچ موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔