• news

حکومت تنہا کرونا سے نہیں نمٹ سکتی‘ عوام کو مشاغل محدود کرنا ہونگے: طاہر القادری

 لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ تنہا حکومت کووڈ 19کی وباء کے مضمرات سے نہیں نمٹ سکتی، عوامی طبقات کو اپنے معاملات اور مشاغل کو محدود کرنا ہوگا۔ کرونا وائرس کا کوئی پہلا اور دوسرا فیز نہیں تھا، یہ وباء اول روز سے بدستور قائم ہے۔ جن ممالک نے ایس او پیز کو نظر انداز کیا وہاں زیادہ نقصان ہوا۔ پاکستان میں بھی بے احتیاطی کی وجہ سے جانی نقصانات میں دن بدن شدت آ رہی ہے۔ کرونا وائرس کی وباء کو سیاسی بیان بازی، کریڈٹ اور ڈس کریڈٹ سے الگ تھلگ رکھنا ہو گا۔ کووڈ 19کی ویکسین مارکیٹ میں آنے تک یہ وباء ختم نہیں ہو گی۔ ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا یہ وباء ایک سال یا اس سے زیادہ عرصہ قائم رہ سکتی ہے۔ مشاورتی کونسل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر اور ترقی یافتہ ممالک ایس او پیز میں نرمی کر کے جو نقصان اٹھاتے ہیں اپنی مستحکم مالی پوزیشن کے باعث اس نقصان کا ازالہ بھی کرلیتے ہیں لیکن پاکستان اپنی کمزور معیشت کے باعث براہ راست عامۃ الناس کو بڑے پیمانے پر مالی امداد مہیا نہیں کر سکتا اس لئے احتیاط ضروری ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کووڈ 19 کی وباء کے باعث نفسیاتی اور اقتصادی مسائل بھی جنم لے رہے ہیں، انہیں بھی ایڈریس کرنے کی ضرورت ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن