پلوامہ سے کئی کشمیری نوجوان گرفتار، فوج نے انسانی ڈھال بنالیا، مظاہرے
سرینگر (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کے غیر قانونی قبضے والے جموں و کشمیر میں نہتے و بیگناہ نوجوانوں کی گرفتاریوں کیخلاف مظاہرے کئے گئے۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے ترجمان و دیگر کشمیری رہنماؤں نے بھارت کی طرف سے خواتین کی عصمت دری کو بھارت کے جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کی شدید مذمت کرتے کہا ایسے واقعات قابل مذمت ہیں۔ شرمناک حرکت سے تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے 1989ء سے لیکر آج تک بھارتی فوج نے 2342 خواتین کو شہید کیا گیا۔ جبکہ 11 ہزار 224 سے زیادتی کی گئی۔ اس دوران چھاپوں‘ ٹارچر سنٹروں اور جعلی ریسرچ آپریشنز میں 95723 کشمیری شہریوں کو شہید کیا گیا۔ پلوامہ کے ایک گاؤں نانواہ میں گھر گھر آپریشن کیا گیا‘ بھارتی فورسز نے متعدد نوجوانوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔